جمہوریت کو پٹٹری سے اُتارنے کی کوشش

99

ملک میں غیر جمہوری نظام کے طویل عرصے تک مسلط رہنے سے کئی طرح کے مسائل اور مشکلات نے عوام کو پریشانیوں میں مبتلا رکھا ہے ۔
جمہوری سفر کا تسلسل برقرار رکھنے والوں کی راہ میں بھی تواتر کیساتھ رکاوٹیں پیدا کی جاتی رہی ہیں ۔اب جاکر پاکستان میں جمہوریت کو ٹریک پر رکھنے کے لئے محب وطن سیاستدانوں کی کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہونے لگی ہیں ۔
جمہوریت کو ڈی ٹریک کرنے والوں نے ہمیشہ الیکشن کے عمل کو سبوتاژکرنے کی سازشیں ہی رچائی ہیں اگرکسی طرح سے الیکشن کا مرحلہ مکمل ہوبھی گیا
تو پھر ان شر پسندوں نے اسے مشکوک بنانے کیلئے پروپگنڈہ مہم چلائی،جس کا مقصد ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلاکر معیشت کا بیڑہ غرق کرنا رہا ہے

گزشتہ 76برسوں سے بڑی ہوشیاری اور چالاکی سے پاکستان کے ازلی دشمن کواپنی چالیں کامیاب بنانے میں ملک کے اندرسے ہی ایسے مہرے بڑی آسانی سے ملتے رہے ہیں ۔
جنہوں نے پاکستان کو دولخت کروانے میں بھی بڑا بنیادی کردار ادا کیا ۔
ان کے بارے میں کئی کتابیں لکھی جاچکی ہیں،انکی نشاندہی بھی ہوتی رہی
ان عناصر کو کٹہرے میں لانے اور عبرتناک سزائیں دینے کے اعلانات بھی ہوتے رہے،
مگر ان برائیوں کے جڑ سے مکمل خاتمے کی جانب کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوسکی ۔
کبھی انسانی حقوق کی پاسداری کی آڑ لیکر تو کبھی جمہوری آزادیوں کے تقاضے پورے کرنے کے نام پر
ملکی سلامتی اور معیشت سے کھلواڑ کرنے والے بچ نکلنے میں کامیاب ہوتے چلے گئے ۔
کھلے دشمن کے عزائم توطشت ازبام تھے ، سامنے سے ہونے والے وار کا جواب دینا بھی آسان ہوتا ہے
تاہم اس کے برعکس پیٹھ میں اپنوں کے بھیس میں چھرا گھونپنے والوں سے نمٹنا کوئی آسان کام نہیں۔
اپنے ہی درمیان موجود دشمن کے آلہ کاروں کی کہانی بڑی پراسرار رہی ہے ۔
قوم کو منشتر کرنے کے نت نئے منصوبوں کو عملی شکل دینے والے خود کو ملک کے سب سے بڑے خیرخواہ بناکر پیش کرتے رہے ہیں ۔
ان حالات میں قومی یکجہتی سے انتشار پھیلانے والے ہر بیانیہ کو مسترد کرنے کی ضرورت رہتی ہے ۔
ملک میں جب بھی عام انتخابات ہوئے ان پر شور شرابا ضرور کیا گیا
ملک میں افراتفری پھیلائی گئی اور جمہوریت کو ٹریک سے اتارنے کا اہتمام کیا جاتا رہا
جس طرح اب 2024ء کے انتخابات کو غیر شفاف قرار دینے کی مہم چلائی گئی ۔
قبل ازیں الیکشن کے یقینی انعقاد کی راہ میں کئی طرح کی رکاوٹیں پیدا کرکے
جمہوریت کو پٹٹری سے اتارنے کیلئے کئی اطراف سے حملے کئے گئے ۔
الیکشن کے انعقاد کو ہی سوالیہ نشان بنانے کی مہم بھی بڑی منظم اور مربوط رہی
تاہم قومی اداروں نے عوام کا اعتماد حاصل کرتے ہوئے الیکشن کے یقینی انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔
شفاف الیکشن کے یقینی انعقاد کا عزم باندھنے والوں کے حوصلے قائم رہے اور ملک بھر میں انتخابی عمل کو پایہ ء تکمیل تک پہنچایا گیا
اس دوران دھاندلی کے الزامات کی بوچھاڑ سے حالات خراب کرنے کی کوششیں جاری رہیں۔
عوام نے انتشار اور افراتفری پھیلانے والوں کا بیانیہ مسترد کردیا ۔
حکومت سازی کے عمل میں رخنے ڈالنے کی بھی سازشیں دم توڑ گئیں ۔
مرکز اور صوبوں کی حکومتیں قائم ہونے کے اگلے مرحلے پر صدر کے بروقت انتخاب کو یقینی بنایا گیا ۔
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری اپنے مدمقابل امیدوار
محمود خاں اچکزئی کے مقابلے میں ووٹوں کی واضح برتری سے کامیاب ہوگئے۔
آصف علی زرداری دوسری بارپاکستان کے صدر منتخب ہونے والی پہلی سویلین شخصیت بن گئے ۔
صدر کے انتخاب کو بھی غیر شفاف قرار دینے کی بحث چھڑنے ہی والی تھی کہ
نومنتخب صدر کے مدمقابل امیدوار محمود خاں اچکزئی نے حالیہ صدارتی الیکشن کو شفاف قرار دیدیا ۔
وہ کہتے ہیں کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا ایسا الیکشن تھا جس میں ووٹ نہ خریدا گیا، نہ بیچا گیا۔
صدارتی الیکشن اچھے ماحول میں ہوئے ۔انکے بقول پاکستان کی سیاست میں نئے دور کا آغاز ہے۔
تاہم وہ دبائو والے معاملے کی جانب اشارہ بھی کرتے نظر آتے ہیں ۔
تاہم بادی النظر میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان مفاہمت کی کہانی
پاکستان کے وسیع تر قومی مفاد میں لگتی ہے ۔ان حالات میں جب ملک پر غیر یقینی سیاسی صورتحال جمہوریت کو پٹٹری سے اتارنے ہی والی تھی
دونوں بڑی جماعتوں نے ملکرسب کچھ بچا لیا ۔ملکی مفاد کا اب تقاضا تو یہی ہے کہ
نئی حکومت کو عوامی بہبود کے ایجنڈے پر عملدرآمد کا موقع دیا جائے ۔
ملک اب کسی نئے ایڈونچر کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔بلاشبہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں
پھر بھی عوام بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہیں
اس کی بنیادی وجہ بدانتظامی اور سیاسی عدم استحکام بتائی جاتی ہے ۔
عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی سے ہی ملک میں سیاسی استحکام آئے گا اور معاشی بحران بھی ٹلیں گے ۔
اس لئے افراتفری اور انتشار پھیلانے والوں کا بیانیہ سراسر ملکی مفاد کے خلاف ہے ۔
نو منتخب حکومت کو قیام سے پہلے کمزور کرنے کی کوشش جمہوریت کو پٹٹری سے اتارنے کی واردات کے سوا کچھ نہیں ۔

11/03/24

https://dailysarzameen.com/wp-content/uploads/2024/03/p3-7-1-scaled.jpg

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.