مشکل حالات اور مریم نواز
روداد خیال ۔۔۔۔۔صفدر علی خاں
مسلسل زوال اور انتشار کا شکار ہونے والی پاکستانی قوم کو یکجا رکھنے والے حب الوطنوں کے سامنے کئی طرح کے چیلنجز درپیش ہیں ۔قوم کو فوری ریلیف دینے کا تقاضا ہو رہا ہے جو کہ برمحل اور بروقت ہے کیونکہ جس غریب خاندان کو بجلی کا بل مکان کے کرائے سے بھی کہیں زیادہ آجائے وہ کچن کیسے چلا پائے گا ۔غربت ،بے روز گاری اور ہوشربا مہنگائی کا جن قابو میں لانا بھی ناگزیر ہے تو نوجوانوں کے ذہنوں پر سوشل میڈیا کے ذریعے “ڈیجیٹل دہشتگردحملہ ” کرنیوالوں سے بچانا بھی ضروری ہے ۔ریاست کے سامنے مالیاتی بحران ٹالنے کی خاطر سیاست قربان کرنا مناسب ہے تو پھر سیاسی استحکام کی خاطر تمام سیاستدانوں سے مذاکرات کا راستہ ہموار کرنا بھی ملکی مفاد میں ہے ۔تمام سمتوں سے پھیلے زوال پذیر معاشرے کے مسائل پر قابو پانا کوئی آسان کام نہیں ۔یہ ایک حقیقت ہے کہ ہمارے ملک اور معاشرے میں خرابی واقعی ہر طرف پھیلی ہوئی ہے۔ملک ہر طرح کے مسائل کی دلدل میں پھنستا ہی چلا جارہا ہے۔اس سلسلے میں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ ان مسائل کو پیدا کرنے والے گروہ اتنے طاقتور ہیں کہ کوئی بھی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ان حالات میں ریاست کے سامنے کئی طرح کے چیلنجز درپیش ہیں ۔ملک دشمنوں کے اکسائے ہوئے اقتدار پرستوں کی سازشوں سے نمٹنا ہے تو حالات سے تنگ بپھرے عوام کو پرسکون کرنا بھی ضروری ہے ۔ مفاد پرست سیاستدانوں کی جانب سے اس وقت احتجاج کے نام پر توڑ پھوڑ ،ہنگامہ آرائی اور تصادم کی صورتحال سے بھی قوم کو بچانا ہے ،امن وامان بھی قائم کرنا ہے ،کچے کے ڈاکوؤں کے سر اٹھانے اور 12پولیس ملازمین کی شہادتوں کا بوجھ بھی اٹھانا ہے ۔بدامنی جیسے مسائل سے مستقل چھٹکارہ پاکر پورے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا سب سے مقدم ہے ۔ حکومت کیلئے ان تمام مسائل کو نظر میں رکھتے ہوئے سب کچھ کرنا ہے۔ تاہم مشکلات نے عوامی بہبود کے منصوبوں پر فوری عملدرآمد کی راہیں روک رکھی ہیں ،حالات نے بڑے بڑوں کو ساکت بناکر رکھ دیا ہے ،انتہائی زیرک اور تجربہ کار سیاستدان بھی ان حالات میں یکسوئی کیساتھ عوامی بہبود کیلئے پہلے جیسی سرگرمی دکھانے سے قاصر ہیں،تاہم تاریخ بنانے والے ہر حال میں عوامی فلاح کی خاطر جدوجہد کے راستے پر گامزن رہتے ہیں ،تمام تر رکاوٹوں اور مسائل کے باوجود وہ اپنے سفر کو جاری رکھتے ہوئے نئی تاریخ رقم کررہے ہیں ،انہیں آنے والا زمانہ بھی یاد رکھے گا کیونکہ انکے کام ہی انہیں ہمیشہ زندہ رکھنے کا سبب ہونگے ،پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلی’نے عوامی خدمت کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کرکے پوری قوم کے دل جیت لئے ۔مریم نواز نے بجلی کی گرانی پر افسردہ چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں ،201سے 500یونٹ بجلی صارفین کو 14 روپے فی یونٹ کمی کا فائدہ دیکر دعوئوں اور عمل کے درمیان لکیر کھینچ دی ہے ۔بجلی کے بلوں میں بھی 45سے50ارب روپے کے ریلیف سے پنجاب میں خوشی کی نئی لہر دوڑ گئی ہے ۔اسکے ساتھ ہی مریم نواز نے تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروگرام بھی لانے کا اعلان کیا ہے،جس سے صوبے میں تعمیروترقی کیساتھ خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔خاتون وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ”اپنی چھت اپنا گھر“ منصوبے کا افتتاح کرکے ایک اور سنگ میل طے کیا ہے ،عوامی بہبود کے اس منصوبے نے انکی عوام سے والہانہ محبت کو بھی آشکار کیا ہے ۔پنجاب کے عوام کو بہت بڑی خوشخبری ملی ،شہروں میں 1سے 5مرلے تک زمین پر حکومت گھر بنانے کیلئے صفر سود پر 15لاکھ روپے دے گی جس کو 7سال کی آسان اقساط میں واپس کرنا ہوگا ، اس کی ماہانہ قسط صرف 14ہزار روپے ہے،اور پہلی تین قسطیں معاف ہونگی ۔اسی طرح دیہات میں صوبائی حکومت 1سے10مرلے تک زمین پر گھر بنانے کیلئے قرض زیرو سود پر انہی آسان شرائط پر دیگی ۔مریم نواز کی قیادت میں ”اپنی چھت اپنا گھر“منصوبہ بڑے اضلاع سے صوبے بھر میں پھیلایا جائیگا ۔قبل ازیں پنجاب میں لاچار مریضوں کی دہلیز پر مفت ادویات کی فراہمی اور صوبے میں پہلی ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کرکے مریم نواز نئی تاریخ رقم کرچکی ہیں ،وزیراعلی’ پنجاب کے عوامی بہبود کے تاریخی کام زمانہ دیکھ رہا ہے اور دنیا انکے کاموں کی معترف ہے ۔