ورلڈ کپ جیتنے پر سعودیہ کی طرف سے بڑا انعام

27
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ
سعودی عرب نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کی صورت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لیے بڑا اعلان کردیا۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ جیتنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے سال حج پر شاہی مہمان ہوگی۔

سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے گرین شرٹس کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے خوشخبری سنائی۔

انھوں نے اپنے پیغام میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیم عالمی کپ کے ہمراہ وطن لوٹے گی۔

نواف بن سعید نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے اپنے بھائیوں کے لیے میرا پیغام کہ آپ انشااللہ ورلڈکپ جیتیں گے اور پاکستانی عوام اس کامیابی کا جشن منائیں گے۔

سعود سفیر نے وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کی دعا کے ساتھ ساتھ یہ نوید بھی سنائی کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے پر پاکستانی ٹیم 2025 میں حج پر شاہی مہمان کی حیثیت سے مدعو ہوگی۔

قومی ٹیم لندن سے امریکی شہر ڈیلاس پہنچ چکی ہے، جہاں وہ ایک دن آرام کرنے کے بعد آج سے پریکٹس سیشنز کا آغاز کرے گی اور 6 جون کو پہلے میچ میزبان امریکا کے خلاف مدمقابل ہوگی۔

9 جون کو پاکستان کی ٹیم اپنے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف صف آرا ہوگی، ہر گروپ کی دو ٹاپ کی ٹیمیں سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جو کہ ویسٹ انڈیز میں منعقد ہوگا۔

 

تبصرے بند ہیں.