اداریہ

54

پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنے والوں کی ہر سازش ناکام بنانے کا عزم

پاکستان کی تیز رفتار ترقی کے لئے پائیدار امن کی ضرورت ہے ۔اس بات کا نو منتخب حکومت کو احساس ہے اور اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔اس تناظر میں ملک کے اندرونی و بیرونی دشمنوں پر ہمہ وقت نظر رکھی جارہی ہے ۔ملک میں امن کو برباد کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائیاں ہورہی ہیں ۔ملک میں شرپسندی پھیلانے کی ہر سازش کچلنے کے لئے قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے بروقت اقدامات ہورہے ہیں ،اس حوالے سے کئی بار دراندازی کی کوششیں ناکام بنائی جاچکی ہیں ۔گزشتہ دنوں پھر سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 اپریل 2024 کو شمالی وزیرستان کے ضلع غلام خان کے علاقے اسپنکئی میں سات دہشتگردوں پر مشتمل گروپ نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ساتوں دہشت گرد مارے گئے۔مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔اسی طرح ملک کے اندر ہونے والی ہر طرح کی گڑ بڑ کچلنے کے لئے بھی انتہائی موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے ۔پاکستان کے مفادات کو ہر حال میں مقدم رکھتے ہوئے اسکے دوستوں کو تحفظ دینے کی خاطر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیئے جارہے ہیں ۔چین کے ساتھ گہری دوستی کو نقصان پہنچانے والوں کا مقصد پاکستان کی ترقی کے عمل کو روکنا ہے تاہم حکومت نے چین کے اشتراک سے ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین دوستی میں ہر رکاوٹ ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔اس حوالے سے وہ کہتے ہیں کہ پاکستان چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور معاشی اشتراک کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، جبکہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی مہمانوں کی سیکیورٹی کے معاملے میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین شنگھائی الیکٹرک گروپ وو لی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں تھر کول بلاک ’ون‘ پاور جنریشن کمپنی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو افسر مینگ ڈونگہائی، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔شہباز شریف نے پاکستان کے چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور معاشی اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے، پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں اور ان کے ملازمین کے لیے سیکیورٹی کی فراہمی میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم نے شنگھائی الیکٹرک گروپ کو ملک میں درآمد شدہ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے اور کوئلے کی کان کنی کے منصوبوں کو مزید وسعت دینے کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ منصوبوں کو مزید وسعت دینے کے لیے حکومت پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔اجلاس میں وفد نے وزیراعظم کو مختلف منصوبوں کی اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ بھی دی۔ان حالات میں حکومت کے حالیہ اقدامات سے پاک چین دوستی کے رشتے میں دراڑ ڈالنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔سمندروں سے گہری پاک چین دوستی کو کسی بھی طرح کا کوئی زوال نہیں ۔پوری قوم حکومت کی چین سمیت دوست ممالک کو تحفظ دینے کی کاوشوں کی کامیابی کے لئے اسکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.