ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے والے ارشد ندیم نے کہا ہے کہ بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا یا کسی اور کے ساتھ میرا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔
ارشد ندیم نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ میں ہمیشہ اپنا مقابلہ اپنے ساتھ کرتا ہوں، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ سب سے اچھی تھرو کروں۔
ارشدندیم نے کہا ہے کہ بھارت کے نیرج چوپڑا کے لیے بھی نیک تمنائیں ہیں، نیرج بھائی آپ بھی اچھا کریں اور میں بھی اچھا کرنے کی کوشش کروں گا، امید ہے کہ دنیا میں ہمارا نام ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ مونڈو ٹریک پر میری ٹریننگ نہیں رہی اس لیے تھوڑا عجیب لگ رہا تھا، ٹریک کی وجہ سے پہلے تھرو کم پھینکے جا رہے تھے۔
جیولین تھرور ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے تھرو کیے تو تھرو اچھی ہوتی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ انجری کے بعد اب میں پہلے سے اچھا محسوس کر رہا ہوں، فائنل میں مزہ آئے گا۔
ارشد ندیم نے کہا ہے کہ ورلڈ اسلامک گیمز کے ایک سال بعد میں دوبارہ ایکشن میں واپس آیا ہوں، مجھے امید تھی کہ کوالیفائی کر جاؤں گا اور تھرو بھی اچھی کروں گا۔
ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ ورلڈاتھلیٹکس چیمپین شپ سے پہلے جو سوچا تھا ویسے ہی ہوا۔