کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی اساتذہ کی سندھ اسمبلی جانے کی کوشش، پولیس کا لاٹھی چارج

46

کراچی ( سٹاف رپورٹر+کرائم رپورٹر)کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کرنے والے اساتذہ نے سندھ اسمبلی جانے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے انہیں آرٹس کونسل کے قریب روک لیا۔

کراچی پریس کلب کے باہر سندھ بھر سے آئے اساتذہ کئی روز سے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے رہے ہیں لیکن آج جب انہوں نے سندھ اسمبلی جانے کی کوشش کی تو پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرین کی جانب سے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پر پولیس نے انہیں آرٹس کونسل کے قریب روک لیا، جب کہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی جانب جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے اساتذہ اپنی نوکریوں کو مستقل کرنے کے لیے کئی روز سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کررہے ہیں، ان تمام اساتذہ کی تقرری وفاقی محکمہ تعلیم کی جانب سے سندھ میں کی گئی تھی۔

محکمہ تعلیم کا موقف ہے کہ تمام اساتذہ کو مستقل کرنے کا فیصلہ ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پر کیا جائیگا۔

سندھ اسمبلی کی جانب مارچ کے دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ بھی ہوئی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا ،مزید نفری بھی طلب کرلی

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.