سعودی عرب کی 2 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کا خیرمقدم

12

اداریہ

پاکستان کی معشیت کو استحکام دینے کیلئے کئی طرح کے اقدامات کئے گئے ہیں ،سب سے اہم سیاسی استحکام پیدا کرکے غیر یقینی صورتحال کے خاتمے سے معیشت کو استحکام دیا گیا ہے ۔اسی طرح دوست ممالک کے تعاون سے معاشی استحکام کی راہیں نکالنے کی کاوشیں بھی اہم رہی ہیں اس حوالے سے حال ہی میں سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کی پاکستان آمد اور 27معاہدوں پر دستخط سے ایک نئے سنگ میل کا آغاز ہوا ہے ۔اس تناظر میں سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جن 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں یہ سفر کا محض ایک آغاز ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیمی کنڈکٹرز کی تیاری کیلئے یادداشت پر بھی دستخط ہوئے، ٹیکسٹائل کے شعبے، تعمیراتی شعبے، ٹرانسپورٹ، توانائی، پٹرولیم اور سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے تعاون پر بھی اتفاق ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی 2 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے معاہدے نئی پیش رفت ہے۔ان کا کہناتھا کہ سعودی وفد کی پاکستان آمد پر انہیں بہت خوشی ہوئی، آپ کا دورہ پاکستان کے عوام کے ساتھ خلوص اور محبت کا حقیقی مظہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ تقریب مستقبل میں مزید ایسے مواقع پیدا کرے گی، ہم آنے والے وقتوں میں ان ایم او یوز کو عمل طور پر معاہدوں میں تبدیل کریں گے۔وزیراعظم نے سعودی عرب کے اپنے دوروں اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کا ذکر کیا اور کہا کہ سعودی وزیر کا یہ تیسرا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے جو دو طرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار کا ثبوت ہے۔وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے ہونے والی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی، جو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔وزیراعظم نے سعودی عرب کو حکومت کے نجکاری پروگرام سے آگاہ کیا اور سعودی عرب کو پاکستان کے ایوی ایشن کے شعبے خصوصاً پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ میں میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص علاقائی اور عالمی چیلنجز کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد عبدالعزیز الفالح نے سعودی معیشت کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی یہاں موجودگی سے ہمیں یقین ہے کہ دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ان حالات میں بلاشبہ پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کیلئے حکومتی کاوشوں سے بہتری آرہی ہے ۔عالمی بینک نے بھی اپنی حالیہ رپورٹ میں اس کا اعتراف کیا ہے ۔ملکی معیشت بہتر ہونے سے عوام کو ریلیف ملنے کے امکانات روشن ہونگے اور یوں تعمیر وترقی کے راستے استوار ہوتے چلے جائیں گے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.