ائیر کموڈور ریٹائرڈ خالد چشتی ۔۔ اعتماد کا پہاڑ

منشاقاضی حسب منشا

5

خوبصورت زندگی طلوع آفتاب سے پہلے بری خبر سے پرہیز کر کے اچھے لوگوں کے متعلق سوچنا دل و دماغ کو خوبصورت خوشیوں سے بھر دیتا ہے یہ قول ہمارے محترم ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر کا نقل کیا گیا ہے اور میں اس پر پوری طرح عمل کر رہا ہوں خوبصورت چہرے، خوبصورت خیالات، خوبصورت لوگ ہمارے معاشرے کی جبین بے نیاز پر کہکشاں کی طرح دمکتے ہوئے وہ ستارے ہیں جن کی لو مستقبل کی منزلوں کا پتہ دیتی ہے انہی جلیل القدر انسانوں میں ایک عظیم ہستی ایئر کموڈور خالد چشتی کی ہے، سی ٹی این کے چیئرمین مسعود علی خان کے جہاں اور بہت سارے احسانات ہیں ، وہاں ایک عظیم احسان یہ بھی ہے کہ انہوں نے ایئر کمانڈور خالد چشتی کی خوبصورت شخصیت سے ملوایا اور اس کے بعد ہم ان سے ملتے چلے گئے ایئر کموڈور خالد چشتی بے شمار محاسن کا مجموعہ ہیں ، وہ نظر بہ ظاہر ایک انسان ہیں ، لیکن اپنی ذات میں وہ ایک ادارہ ، ایک انجمن ، ایک پوری تحریک ہیں۔
ائر کموڈور خالد چشتی نے پاکستان ایئر فورس (PAF) میں فائٹر پائلٹ کے طور پر شاندار کیریئر اختیار کیا۔
وہ PAF کے تاریخی پہلوؤں کے ماہر بھی ہیں۔ 1965 اور 1971 کی جنگوں کے بارے میں انہوں نے لاہور میں CASS کے سیمینارز میں اہم خطاب کیا، اور جنگی ہیروز کے کارناموں کو اجاگر کیا. مزید برآں، وہ ایک بین الاقوامی مقرر، علم و دانش کے پیکر متحرک ، یوٹیوب چینل “Khalid Chishti” کے سربراہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، این سی اے، کینرڈ کالج جیسی جامعات میں استاد رہ چکے ہیں۔
35 سالہ خدمات کے دوران انہیں ستارہ ء امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا..
ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے Quaid‑e‑Azam محمد علی جناح کی شخصیت کے حوالے سے تحقیقی مصروفیات کا آغاز کیا۔ ترکی میں ایک سال کے قیام کے دوران ان کی ترکی قوم اور اتاترک کے لئیے عقیدت نے انہیں تحریک دی.,, وطن واپسی پر انہوں نے 250 سے زائد نایاب تصاویر جمع کیں، انہیں بحال کیا، رنگین کیا اور تاریخ پسند نوجوانوں کے لئیے پوسٹرز کی صورت میں پیش کیا ۔
وہ PAF کے تاریخی موضوعات پر مقرر بھی ہیں اور تعلیمی اداروں میں بطور معلم کام کرتے ہیں۔ جناب خالد چشتی کے لیئے گفتگو کرنا اور سانس لینا یکساں ہے ، وہ قائد اعظم محمد علی جناح کی پوری زندگی کے پہلوؤں پر گھنٹوں بات کر سکتے ہیں ، آپ اعتماد کا پہاڑ اور عزم کا کوہ گراں ہیں ، مائیک پر جب وہ آتے ہیں تو آپ کے قدم میں معمولی سی بھی لرزش پیدا نہیں ہوتی کیونکہ وہ معلومات کا گنج گرانمایہ ہیں ہم نے انہیں بولتے بھی دیکھا ہے اور خاموشی میں بھی بلاغت کے دریا بہتے ہوئے بھی دیکھے ہیں ، ایئر کموڈور خالد چشتی سکوت و شگفتگی کا ایک حسین امتزاج ہیں خالد چشتی کا سفر حب الوطنی، علم اور قومی خدمت سے عبارت ہے۔ ، آپ صرف دو جنگوں کے عینی شاہد ہی نہیں بلکہ تیسری جنگ کے حوالے سے آپ کی کارکردگی کا حسن برقی ذرائع ابلاغ کی سکرین پر چاندنی بکھیرتا رھا ہے ، سارے ٹی وی چینلز خالد چشتی کی گفتگو کی جستجو میں لگے ہوئے تھے اور آپ نے جس پیرایہ ء اظہار میں ہمسایہ ملک کے زبان آوروں پر اپنی دھاک بٹھائی وہ انہیں ہمیشہ یاد رہے گی، ائر کموڈور خالد چشتی جیسے ہیرو روز روز پیدا نہیں ہوتے ، نرگس کو ہزاروں سال اپنی بے نوری پہ رونا پڑتا ہے اور تب جا کر کہیں ایسے دیدہ ور نظر آتے ہیں، ائر کموڈور خالد چشتی معلومات عامہ کا خزینہ اور فضائیہ کا گراں بہا رازوں کا دفینہ ہیں آپ سی ٹی این فورم کے وائس چیئرمین کے حوالے سے ہمارے بہت قریب ہیں ان کی قربت میں حیرت انگیز معلومات کے خزانے ملتے ہیں، میں جو کتاب مرتب کر رہا ہوں ان روشن چہروں میں ائر کموڈور خالد چشتی کی موجودگی کتاب کی اہمیت اور فضیلت کو دو چند کر دے گی ،، ستاروں پر کمندیں ڈالنے والے اقبال کے اس شاھین کی پرواز کے سامنے گرگسوں کی پرواز گرد راہ ہے ، پاکستانی قوم کو اپنے اس عظیم ہیرو کی ذھانت و فطانت پر ناز ہے ،خالد چشتی کی مصروفیات کا یہ عالم ہے کہ وہ ھر وقت حرکت و حرارت میں رہتے ہیں ان کے شوق کا گھوڑا انہیں ٹھہرنے نہیں دیتا ، جمیل یوسف کا یہ شعر آپ پر صادق آتا ہے ،

کہیں بھی سائے میں رکنا ہمیں قبول نہیں

ہم اپنے شوق کی قیمت زیادہ رکھتے ہیں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.