اداریہ

23

پاک یواے ای تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم پیشرفت

پاک-یواے ای تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ۔
متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی ہے ۔وزیراعظم کی اماراتی صدر سے ملاقات کے دوران ،آئی ٹی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے حالیہ دورہ پر دونوں ممالک میں تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان اور یواے ای کی آئی ٹی کمپنوں کی شراکت داری سے متعلق راؤنڈ ٹیبل سیشن سے خطاب بھی کیا ہے اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات سے قرض نہیں بلکہ مشترکہ سرمایہ کاری چاہتے ہیں اور تعاون چاہتے ہیں جو باہمی مفاد کے لیے ہو۔وزیراعظم شہباز شریف کچھ دیر قبل سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے جہاں وہ پاکستان اور یواے ای کی آئی ٹی کمپنوں کی شراکت داری سے متعلق راؤنڈ ٹیبل سیشن میں شریک تھے۔تقریب کے دوران وزیر اعظم نے پاکستان میں کامیاب کاروبار کرنے والی اماراتی کمپنیوں کے سربراہان کو ایوارڈز دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید کی قیادت میں متحدہ عرب امارات ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے، متحدہ عرب امارات اس وقت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے جب کہ اس کیساتھ جدید خطوط پر آئی ٹی انفراسٹرکچر کو استوار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی ہمارے لیے یہ خوش آئند ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ہونہار آئی ٹی پروفیشنلز یہاں موجود ہیں جبکہ اسی طرح پاکستان سے بھی ہونہار پروفیشنلز یہاں موجود ہیں جو معیشت کے مختلف شعبوں کو ڈیجیٹائز کرنے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی آبادی جس میں اکثریت نوجوانوں کی ہے اس کی وجہ سے پاکستان میں بہت مواقع موجود ہیں، ہماری آبادی کی 60 فیصد اکثریت 15 سے 30 سال کے درمیان ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ میں نے اپنی حکومت کے ڈھائی ماہ کے دوران زیادہ تر وقت آئی ٹی کے شعبہ کے فروغ پر صرف کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، برآمدات بڑھانے، صنعت اور دیگر شعبوں پر توجہ مرکوز کی، آئی ٹی پروفیشنلز معیشت کے تمام شعبوں میں ڈیجیٹائزیشن کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں بھی ڈیجیٹائزیشن کا عمل مکمل ہو۔ان کا کہنا تھا کہ مستقبل تیل و گیس پر انحصار کی بجائے نوجوانوں کی تربیت اور ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ جیسی نان آئل و گیس اکانومی پر مبنی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بن زید کا یہ وژن ہے کہ نہ صرف خام مال کی امپورٹ ایکسپورٹ بلکہ خام مال کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کرکے اس کی برآمدات میں یو اے ای کا نمایاں کردار ہو اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وہ پاکستان کے عظیم دوست اور معاون ہیں، وہ اپنے عظیم والد کے نقش قدم پر چل رہے ہیں جو ایک وژنری لیڈر تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ شیخ محمد بن زید کی طرف سے معیشت میں لائی گئی جدت قابل رشک ہے، انہوں نے کہا کہ اس راؤنڈ ٹیبل سیشن میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے، یہ نشست اس بات کی متقاضی ہے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں کس طرح اہداف کو حاصل کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنی معیشت کی ہیئت تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ متحدہ عرب امارات میں موجود اپنے بھائیوں کے تعاون سے پاکستان کی معیشت کی ہیئت کو مکمل طور پر بدل دیں گے، جوائنٹ وینچرز اور نالج شیئرنگ شراکت داری کی بنیاد پر ہم یہ کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کشکول توڑ دیا ہے کیونکہ اقوام عالم قرض یا امداد سے نہیں بلکہ دن رات محنت اور لگن سے ترقی کی منازل طے کرتی ہیں،اسی جذبہ کے ساتھ ہمیں خود انحصاری کی منزل کو حاصل کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈھائی ماہ کے قلیل عرصے میں ہم نے اپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کو بدل دیا ہے، انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر نے اپنے والد کی طرح ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، انہوں نے ہمیشہ ایک خاندان کی طرح پاکستان کی مدد کی، ہم اپنے برادر ملک سے قرض نہیں چاہتے بلکہ ان سے مشترکہ سرمایہ کاری اور تعاون چاہتے ہیں جو باہمی مفاد کے لیے ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پروگرام کے تحت اعلیٰ سطح کی ووکیشنل ٹریننگ اور جدید ہنر سے آراستہ کرنا شامل ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل یو اے ای، ابوظہبی اور دبئی میں آ کر قانونی تقاضے پورے کرکے اپنے دفاتر قائم کرے اور پاکستان سے نوجوان خدمات سرانجام دیں جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں، ایس ایم ایز کو سپورٹ ملے اور میں یہ خطرہ مول لینے کے لیے تیار ہوں، میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس شعبہ میں آگے بڑھنے کےلیے تیار ہوں کیونکہ خطرہ مول لیے بغیر کچھ بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ان حالات میں بلاشبہ پاک یواے ای کے تجارتی تعلقات فروغ پائیں گے اور عوام کی خوشحالی کی راہیں کھلیں گی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.