اداریہ

28

پاک چین دوستی خطے کی ترقی وخوشحالی کا استعارہ قرار

پاکستان اور چین کے تعلقات کو خراب کرنے کے لئے بھی دشمنوں نے کئی طرح حربے استعمال کیے ،کچھ دیر کیلئے سرد مہری بھی رہی ،تاہم سمندروں سے گہری پاک چین دوستی میں دراڑ نہیں ڈالی جاسکی کیونکہ پاکستان اور چین کی لازوال شراکت داری اور گہری دوستی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے اور یہ ہمارے عوام کا تاریخی انتخاب ہے۔ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ترین ستون ہیں۔پاکستان اور چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر تعاون کو مزید بڑھانے اور اپ گریڈ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے وائس چیئرمین زینگ جیان بینگ کی گیمبیا میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی 15ویں اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں فریقوں نے باہمی فائدے کے لیے قریبی اقتصادی تعاون کے ذریعے اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار تعاون پر مبنی شراکت داری کی بھی توثیق کی اور پاکستان کی پارلیمنٹ اور چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے درمیان بڑھتے ہوئے تبادلوں پر تبادلہ خیالات کیا۔بیان میں بتایا گیاتھا کہ ملاقات کےد وران دونوں ممالک نے سی پیک منصوبوں پر تعاقن کو مزید بڑھانے اور مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے او آئی سی کے ساتھ چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات کے بارے میں بھی بات کی اور مشترکہ امن اور خوشحالی کے لیے بات چیت اور افہام و تفہیم کی اہمیت پر زور دیا۔ اسحٰق ڈار نے چین کے بنیادی مسائل میں پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا اور قریبی اقتصادی تعاون کے ذریعے باہمی پیداواری تعلقات کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔اسی دوران جیان بینگ نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور ترقی کے لیے چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔اسحٰق ڈار نے سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے بھی ملاقات کی جہاں دونوں نے دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر اقتصادی، تجارتی اور دفاعی شعبوں میں مضبوط بنانے کے لیے دوستی کے مضبوط رشتے اور عزم پر تبادلہ خیال کیا۔اسحٰق ڈار نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے بھی ملاقات کی، دفتر خارجہ کے مطابق دونوں نے تجارت، رابطے، توانائی اور عوام سے عوام کے رابطوں میں دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا جبکہ سیاسی سطح پر بات چیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔چند دنوں میں پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے متوقع ہیں۔پاکستان اور چین اگلے تین ہفتوں کے دوران معاشی، سیاسی اور تزویراتی تعلقات کو مزید گہرا بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔ ملاقاتوں کے پہلے مرحلے میں پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ میں دونوں ملکوں کے وزرا خارجہ کی بات چیت کا اہتمام کیا جائے گا۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اس ماہ کے وسط میں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے وفد کے ساتھ بیجنگ جائیں گے۔ یہ سالانہ ڈائیلاگ ہیں جن میں دونوں ملک علاقائی اور عالمی مسائل پر باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔پاک چین دیرینہ تعلقات کو مزید استحکام دینے کے لئے سی پیک کے اگلے مرحلے کو تکمیل دینے کی خاطر اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔دونوں ممالک کے درمیان خطے کی ترقی کے حوالے سے سی پیک کا منصوبہ پاک چین۔ دوستی کو نئی جہت دے رہا ہے ،پاک چین دوستی نا صرف دونوں ممالک کے عوام کی بہبود اور ترقی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہورہی ہے بلکہ پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے انتہائی اہم ہے ۔پاک چین دوستی کو رہتی دنیا تک انسان کی بہبود اور ترقی کا استعارہ قرار دیا جاتا رہے گا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.