ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ویسٹ انڈیز نے خطرے کی گھنٹی بجادی

36
ویسٹ انڈیز ٹیم
ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں دوسری ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی جب کہ جنوبی افریقہ کی میگا ایونٹ کے حوالے سے تیاریوں پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

ساؤتھ افریقہ گزشتہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سے اپنے آخری 11 مکمل ٹی 20 میچوں میں سے صرف 2 جیت سکا ہے جب کہ اس دوران اسے 2 بار ویسٹ انڈیز اور ایک بار آسٹریلیا کے ہاتھوں سیریز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سیریز میں جنوبی افریقہ کو جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر اور ٹرسٹن اسٹبس کی خدمات حاصل نہیں تھیں جب کہ وہ ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہیں، اوپنر کوئنٹن ڈی کوک کی فارم پروٹیز کے لیے باعث تشویش ہے، جنہوں نے 3 اننگز میں صرف 64 رنز بنائے اور وہ اس سے قبل بی بی ایل، ایس اے ٹی 20 لیگ اور آئی پی ایل میں بھی اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکتے تھے۔

اسی طرح سے سیریز کے دوران فاسٹ باؤلر اینریچ نورٹجے نے 12.16 کی اوسط سے باؤلنگ کرتے ہوئے کوئی وکٹ حاصل نہیں کی جب کہ وہ انجری کے باعث تقریباً 9 ماہ تک کرکٹ سے دور رہنے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔

ویسٹ انڈیز گیانا میں ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ سے قبل آسٹریلیا کے ساتھ ٹرینیڈاڈ میں وارم اپ میچ کھیلے گا، اس نے گزشتہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سے 5 میں سے 4 سیریز جیتی ہیں۔

ویسٹ انڈیز نے حالیہ سیریز میں جنوبی افریقہ کو 3-0 سے شکست دی، ابتدائی دو میچز میں اس نے 175 اور 207 کے ٹوٹل کا کامیاب دفاع کیا جب کہ آخری میچ میں 164 رنز کے ہدف کا 14 اوورز میں تعاقب کرکے جنوبی افریقہ کو آسانی سے شکست دے دی۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں کُل 20 ٹیمیں شامل ہیں، ٹورنامنٹ یکم جون سے 29 جون تک کھیلا جائے گا جس کی میزبانی امریکا اور ویسٹ انڈیز کریں گے۔

یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے ہو رہا ہے اور ایونٹ کے گروپ اے میں موجود پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 9 جون کو نیویارک میں مدمقابل ہوں گی۔

انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے سابق کمشنر للت مودی نے الزام عائد کیا ہے کہ روایتی حریفوں کے درمیان نیویارک میں شیڈول میچ کے ٹکٹ کی قیمت 20ہزار امریکی ڈالر(56لاکھ پاکستانی روپے) تک پہنچ چکی ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے گروپس

گروپ اے: بھارت، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا، امریکا

گروپ بی: انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، سکاٹ لینڈ، عمان

گروپ سی: نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگنڈا، پاپوا نیو گنی

گروپ ڈی: جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز، نیپال 

پاکستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ کا شیڈول

6 جون: پاکستان بمقابلہ امریکا، ڈیلاس

9 جون: پاکستان بمقابلہ بھارت، نیویارک

11 جون: پاکستان بمقابلہ کینیڈا، نیویارک

16 جون: پاکستان بمقابلہ آئرلینڈ، لاڈر ہل

تبصرے بند ہیں.