بابراعظم کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے حوالے سے اہم بیان، شائقین پرجوش

57
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پوری ٹیم کی ساری توجہ صرف اور صرف ورلڈکپ جیتنے پر مرکوز ہے۔ ماضی میں جو ہونا تھا وہ ہوگیا، قوم کو اس بار ورلڈکپ کا تحفہ دیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اس یقین اور اعتماد کا اظہار ورلڈکپ 2024 کے لیے منتخب کردہ ٹیم کے حوالے سے کی گئی پریس کانفرس میں کیا۔

کپتان نے کہا کہ پچھلا ورلڈکپ نہیں جیت سکے تھے لیکن وہ ماضی تھا جو گزر گیا مگر اس بار یقین ہے کہ ٹرافی لے کر آئیں گے۔ پوری ٹیم کا فوکس اسی بات پر ہے کہ کس طرح یہ ورلڈکپ جیت کر لائیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم سلیکشن میرٹ پر ہوئی ہے۔ تمام سلیکٹرز نے طویل بحث و مباحثے، باہمی مشاورت اور ایک ایک کھلاڑی کی پُرفارمنس کو دیکھتے ہوئے ٹیم کی سلیکشن کی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بھی ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے بات کرتے ہیں اور ٹیم کو اعتماد دے رہے ہیں۔

بابر اعظم نے ٹیم کی سلیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حارث رؤف نے بہت جلدی ریکور کیا ہے۔ یہ خوش آئند بات ہے۔ حارث رؤف نے ٹی ٹوئنٹی میں بہترین پرفارمنس دی ہے۔

ٹیم کی اوپنرز کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ میرا اور محمد ضوان کے کھیلنے کا طریقہ مختلف ہے اگر اوپننگ چھوڑنا پڑی تو میں چھوڑ دوں گا۔ ٹاپ آرڈر میں محمد رضوان، صائم ایوب اور فخر زمان سے امیدیں ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ انہوں نے بتایا کہ عامر جمال کو ٹی ٹوئنٹی میں پرفارمنس کی بنیاد پر جگہ دی گئی۔ انھیں سیٹ ہونے میں کچھ وقت لگے۔ سلیکشن میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوئی۔ محمد حارث کو پی ایس ایل میں موقع ملا مگر وہ پرفارم نہ کرسکے۔

حسن علی کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق سوال پر قومی ٹیم کے بقول سلیکٹرز بھی بتا چکے ہیں کہ حسن علی کو بیک اپ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ وہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں جن سے ہم فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا آغاز یکم جون سے امریکا کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے اور 29 جون کو فائنل کھیلا جائے گا۔

20 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف 55 میچز کھیلیں گی۔ ٹورنامنٹ کے میچز امریکا کے 3 اور ویسٹ انڈیز کے 6 مقامات پر منعقد ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.