ابراہیم رئیسی شاندار سیاست دان اور روس کے سچے دوست تھے: پیوٹن

22
دنیا بھر سے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی حادثاتی موت پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال پر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ابراہیم رئیسی ایک شاندار سیاست دان تھے، ابراہیم رئیسی روس کے سچے دوست تھے۔

دوسری جانب تہران میں روسی سفارت خانے کی جانب سے بھی ایرانی صدر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔ روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ ایرانی صدر، ایرانی وزیرِ خارجہ روس کے سچے، قابل اعتماد دوست تھے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی حادثاتی موت پر چین کے صدر شی ژنگ پنگ نے بھی اظہارِ افسوس کیا ہے۔

ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے ایرانی صدر، وزیرخارجہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابراہیم رئیسی ایک ’قیمتی ساتھی اور بھائی‘ تھے۔ ترک صدر اردوان کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں ترکیہ ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرِ خارجہ کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

ایک بیان میں شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ابراہیم رئیسی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ایرانی میڈیا نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی، مشرقی آذربائیجان میں ایرانی سپریم لیڈر کے نمائندے محمد علی بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

صدارتی محافظوں کے سربراہ مہدی موسوی بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.