کوشش ہوگی جلد پاکستان کا دورہ کروں، میرا پیغام امن کا ہے: پوپ فرانسس

11
پوپ فرانسس کی جانب سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پوری کوشش ہوگی کہ جلد پاکستان کا دورہ کروں۔

ویٹی کن سٹی میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور پوپ فرانسس کے درمیان ملاقات ہوئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے پوپ فرانسس کی خدمات لائق تحسین ہیں، مسئلہ فلسطین سے متعلق پوپ فرانسس نے جرات مندانہ مؤقف اختیار کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہا پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور افواج کی قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے پوپ فرانسس کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کیا۔ جس پر پوپ فرانسس کی جانب سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

پوپ فرانسس نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے لیے میرا پیغام امن کا ہے، ہم سب کو مل کر امن کے لیے کام کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے دورے کی دعوت دی، پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان کا دورہ کروں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کی صورتحال باعث تشویش ہے، روزانہ فلسطین میں مصروف ورکرز سے اپ ڈیٹ لیتا ہوں۔ بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہیں۔

 

 

تبصرے بند ہیں.