ایامِ حج قریب آتے ہی عرفات کی سڑکوں کو کیوں سفید رنگ کردیا گیا؟

125
ایامِ حج قریب آتے ہی سعودی عرب میں عازمینِ حج کی سہولت کے لیے عرفات کے علاقے میں سڑکوں پر سفید رنگ کر دیا گیا۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی جنرل روڈز اتھارٹی نے مسجدِ نمرہ کے اردگرد سڑکوں پر سفید رنگ کر دیا۔ اس اقدام کا مقصدعرفات کے علاقے میں گرمی کی شدت کم کرنا ہے۔

سعودی عرب کی جنرل روڈز اتھارٹی کے ترجمان عبد العزیز العتیبی کے مطابق سڑکوں پر مخصوص قسم کا سفید رنگ لگانے سے سطح کے درجہ حرارت میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی آجاتی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر لگایا جانے والا مخصوص رنگ مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے اور اس میں دھوپ کی شدت کم جذب ہوتی ہے۔ اس سال وسیع پیمانے پر تجربہ کیا جا رہا ہے، مسجد نمرہ کے قریب تقریباً 25 ہزار مربع میٹر پر رنگ لگایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اس سال حج کے دوران عازمین کو زیادہ آرام دہ تجربہ فراہم کرے گا۔ گزشتہ سال بھی یہی تجربہ محدود رقبے پر کیا گیا تھا جس کے اچھے نتائج سامنے آئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال منیٰ میں جمرات جانے والے راستے پر یہی رنگ لگایا گیا تھا تو وہاں 12 سے 15 ڈگری گرمی کم ہوگئی تھی۔

تبصرے بند ہیں.