دوسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز جیت لی

55
ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیکر سیریز جیت لی
ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کی آخری گیند پر 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

اتوار کے روز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 48.5 اوورز میں223 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان ویمنز کا آغاز مایوس کن رہا اور منیبہ علی صرف 2 رنز بناکرشنیل ہنری کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔

سدرہ امین اور بسمہ معروف نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 80 رنز کا اضافہ کیا، سدرہ چار چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنانے کے بعد ایفی فلیچر کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد صرف بسمہ معروف ہی قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئیں جنہوں نے 21ویں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے 65 رنز اسکور کیے۔

اس کے علاوہ دیگر بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر ٹھہر سکیں، کپتان ندا ڈار 15 رنز، عالیہ ریاض 6، صدف شمس 9 اور فاطمہ ثنا 11 رنز بناسکیں، وکٹ کیپر نجیہہ علوی نے 25 رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے فاسٹ بولر شنیل ہنری اور آف اسپنر کرشما رامارک نے کر تین، تین جبکہ ایفی فلیچر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ویمنز کی پہلی وکٹ 32رنز پر گری جب رشادا ولیمز 7 رنز بناکر ندا ڈار کی وکٹ بن گئیں جس کے ساتھ انہوں نے 100 ویں انٹرنیشنل وکٹ حاصل کر لی۔

پاکستان ویمنز کو اسوقت اہم کامیابی ملی جب کپتان ہیلی میتھیوز 44 رنز بناکرام ہانی کی گیند پر متبادل کھلاڑی ڈیانا بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں تاہم اس کے بعد شیمین کیمبل اور اسٹیفنی ٹیلر نے تیسری وکٹ کے لیے88 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔

شیمین کیمبل 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں جبکہ اسٹیفنی ٹیلر نے 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز اسکور کیے۔

پاکستانی بولرز نے اختتامی اوورز میں مزید تین وکٹیں لے کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا اور میچ کی آخری گیند پر انہیں فتح کے لیے تین رنز درکار تھے۔

اس اعصاب شکن مرحلے پر کرشمہ رمچرک نے آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرا دیا۔

ویسٹ انڈیز نے میچ میں فتح کے ساتھ ہی سیریز میں بھی 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر 73 رنز کی اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 113 رنز سے شکست دی تھی، یہ سیریز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

تبصرے بند ہیں.