نو مئی کے مجرموں کو سزائیں سنانے کا عمل شروع

43

اداریہ

ملک میں قومی املاک ،فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملے کرنے والوں کو کٹہرے میں لاکر سزائیں سنانے کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔
اس تناظر میں ملک میں 9مئی واقعات کے کیسز کا پہلافیصلہ گوجرانوالہ میں سنادیاگیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی خاتون جج نے سینٹرل جیل میں 9 مئی کے مقدمے میں ملوث 51 ملزمان کو دہشت گردی کی تین دفعات کے تحت 5، 5 سال قید اور اوردس دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
ملزمان میں گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی کے نومنتخب ایم پی اے کلیم اللہ خان بھی شامل ہیں۔ملزموں کو سڑک بلاک کرنے ، املاک کونقصان پہنچانے، ہجوم جمع کرنے سمیت دیگر دفعات میں بھی سزا سنائی گئی۔
اس موقع پر سینٹرل جیل کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔ حساس تنصیبات پر حملے ،جلاؤ گھیرائو کا مقدمہ تین ماہ سے جیل میں چل رہا تھا۔
نو مئی کو پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کے دوران حساس تنصیبات پر حملے کئے گئے تھے.
مظاہرین کے حملے میں ایک ایس پی سمیت دس پولیس اہلکار زخمی اور ایک شہری قتل ہوا تھا جبکہ چار گا ڑیاں بھی توڑی گئی تھیں۔
تھانہ کینٹ پو لیس نے ایس ایچ او مدثر بٹ کی مدعیت میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز سمیت 23 نامزد اور تین سے چار سو نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس نے ملوث 51 ملزمان کو گرفتار کیا۔
اس کیس میں عدالت پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں شاہ محمود قریشی ،مراد سعید،
علی امین گنڈا پور سمیت متعدد رہنماؤں کی جائیداد قرقی کا حکم بھی دے چکی ہے۔
نامزد متعدد رہنما عدالتوں سے عبوری ضمانت پر ہیں۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں
پُرتشدد فسادات کے نتیجے میں نمایاں بے امنی دیکھی گئی تھی۔
گوجرانوالہ پولیس کے مطابق حملے میں ایک ایس پی سمیت 10پولیس اہلکار زخمی اور
ایک شہری جاں بحق ہوا تھا، مظاہرین کی جانب سے 4گا ڑیاں بھی توڑی گئی تھیں۔9 مئی کو
مشتعل افراد کی جانب سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر عسکری تنصیبوں پر حملے،
جلاؤ گھیراؤ اور مظاہرے کیے گئے تھے
اس دوران سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ان حالات میں قومی مجرموں کو کٹہرے میں
لاکر سزائیں سنائےجانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔
پوری قوم نو مئی کے حملوں کو ملک پر حملے تصور کرتی ہے اور ان ملزموں کو کڑی سزائیں
دلوانے کی متمنی رہی ہے ،نو مئی کے واقعات میں ملوث ملزموں کے خلاف سزائیں سنانے کا عمل تمام محب وطن پاکستانیوں کے لئے اہم ہے
تاہم کسی بھی بے گناہ کو ملوث کرنا بھی غلط ہوگا
اس معاملے کو شفاف بنانا بھی اہم ہے ،نو مئی کے بااثر ملزموں کو کسی صورت سزاؤں سے بچانا ظلم ہوگا
کیونکہ قوم نو مئی کے ملزموں کو کبھی معاف نہیں کرسکتی ۔
بلاشبہ نو مئی کے واقعات ملکی تاریخ میں سیاہ باب ہیں ۔
وطن کی آبرو پر حملے کرنے والوں نے پروپیگنڈے سے قوم کو تقسیم کرنے کی بھی سازش رچائی
مگر انکے عزائم خاک میں ملا دیئے گئے ۔
قوم نے قومی سلامتی کے اداروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرکے ملک دشمنوں کے بیانیہ کو مسترد کردیا

۔پوری قوم پاکستانی تنصیبات پر حملے کرنے ،شہدا کی یادگاروں کو جلانے والوں کے خلاف
ملکی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔نوجوانوں کو گمراہ کرنے والے پہلے بھی ناکام ہوئے آئندہ بھی ناکام ہونگے ۔
پاک فوج وطن کی آبرو پر آنچ نہیں آنے دے گی ۔
قومی مفاد کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا ۔قوم کو تقسیم کرکے افراتفری پھیلانے والوں کے
محاسبے کا دور شروع ہوچکا ہے
اب قومی مجرموں کو کٹہرے میں لاکر کیفر کردار تک پہنچانے کے سلسلے کو روکنا کسی کے بس میں نہیں ۔
قوم نے ہر مشکل مرحلے پر قومی اداروں کا ساتھ دیا ہے
اور آئندہ بھی ہرموقع پر بھرپور قومی یک جہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا

01/04/24

https://dailysarzameen.com/wp-content/uploads/2024/04/p3-scaled.webp

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.