فیس کے پیسے نہ ہونے کے سبب بیٹی کو 8 ماہ تک اسکول نہیں بھیج سکا، عمر اکمل برے دنوں کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے

304
اسکرین گریب
اسکرین گریب 

قومی کرکٹر عمر اکمل نے برے دنوں میں ساتھ نہ چھوڑنے پر اپنی اہلیہ کی تعریف کی ہے۔

حال ہی میں کرکٹر عمر اکمل نے ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں بطور مہمان شرکت کی، اس دوران جہاں انہوں نے متعدد دلچسپ سوالات کے جواب دیئے وہیں انہوں نے خود پر آنے والے برے دنوں کی بھی یاد تازہ کی۔

پاکستان کے لیے 6 ورلڈ کپ کھیلنے والے عمر اکمل نے خود پر لگنے والے سٹے بازی کے الزامات اور بعد ازاں 2 پاکستان اور 1 بیرونِ ملک مقدمے میں سرخرو ہونے سے متعلق بات کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ جو کمایا تھا اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو جھوٹ ثابت کرنے کے لیے مقدمات میں لگا دیا تھا، اُنہیں یاد ہے کہ ایک بار اُن کی بیٹی نے اُن سے باہر سے اپنی پسندیدہ غذا کھانے کی فرمائش کی تھی مگر اُن کے پاس پیسے نہیں تھے۔

عمر اکمل نے مزید بتایا کہ انہوں نے 8 ماہ تک بیٹی کو اسکول نہیں بھیجا کیوں کہ اُن کے پاس فیس دینے کے لیے بھی پیسے نہیں تھے۔

برے دنوں کو یاد کرتے ہوئے عمر اکمل آبدیدہ ہو گئے، انہوں نے اپنے آنسو پونچھتے ہوئے کہا کہ برے وقت میں سب نے اُن کا ساتھ چھوڑ دیا تھا بس ایک اُن کی اہلیہ تھیں جنہوں نے اُنہیں گرنے نہیں دیا اور سنبھالے رکھا۔

کرکٹر نے بتایا کہ اُن کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ میں آپ کو چھوڑ کر نہیں جاؤں گی چاہے کچھ بھی ہو جائے، میں کرائے کے گھر میں بھی گزارا کر لوں گی۔

عمر اکمل نے اپنے حالات بہتر ہونے سے متعلق بھی شو میں بتایا۔

نجی ٹی وی پر ٹاک شو کے دوران ایک سوال کے جواب پر عمر اکمل کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا کپتان کبھی بھی تعلقات پر نہیں بلکہ پرفارمنس پر بنتا ہے۔

انہوں نے اپنے کزن، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی صلاحیتوں اور پرفارمنس کی تعریف کی اور بتایا کہ بابر اعظم کو خود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کپتان بنانے کے لیے اپروچ کیا تھا۔

شو کے دوران عمر اکمل کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں اُنہیں سٹے بازی کی بہت سی آفرز آئی ہیں، وہ ہر پیشکش سے متعلق پی سی بی اور آئی سی سی کو ضرور مطلع کرتے تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.