ملک میں ہوشربا مہنگائی پر قابو پانے کی حکومتی کاوشیں کامیاب

اداریہ

1

پاکستان کی موجودہ حکومت نے عوام کو فوری ریلیف دینے کے لئے جو اقدامات کئے اسکے دور رس نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ملک میں ہوشربا مہنگائی پر قابو پانے کے لئے حکومت نے معاشی استحکام کے حوالے سے اہم کامیابیاں سمیٹی ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کی بہبود کے لئے تیزرفتار ترقی کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کاوشیں رنگ لائی ہیں ،مسلم لیگ ن کی قیادت میں قائم مخلوط حکومت نے مہنگائی کم کرنے کے لئے اہم کردار نبھایا ہے جس کے نتیجے میں عوام کو ریلیف ملا ہے ۔حکومت کی عوام اور ملک دوست اقتصادی پالیسیوں کی بدولت پاکستان کے معاشی حالات وقت کیساتھ تیزی سے بہترہو رہے ہیں۔وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت پاکستان بین الاقوامی اداروں کی توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھا رہی ہے۔وزیراعظم کی شبانہ روز محنت رنگ لائی اور 2024ء میں تمام وعدے پورے ہوئے۔اللہ پاک 2025ء میں بھی وزیراعظم کی پر خلوص کوششوں کا اچھا ثمرمل رہا ہے ،اس حوالے سے وزارت خزانہ نے دسمبر میں مہنگائی کی شرح 80 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے کا دعویٰ کیا ہے۔ وزارت خزانے کے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024 کے پہلے 6ماہ میں مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد رہی جو گزشتہ سال 28.8 فیصد تھی۔دسمبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو 80 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔ رپورٹ کے مطابق شرح تبادلہ کے استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور بہتر سپلائی نے مہنگائی کم کرنے میں مدد دی۔ اسی طرح غیر قانونی فارن ایکسچینج کمپنیوں، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائیوں کے بھی معیشت پر مثبت اثرات ظاہر ہو رہے ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق حساس قیمت اشاریہ (SPI) میں جنوری 2025 کے آخری 4ہفتوں میں مسلسل کمی ہوئی ہے۔ 23 جنوری 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے میں SPI میں 0.77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 51 اشیا میں سے 12 کی قیمتوں میں کمی، 14 کی قیمتوں میں اضافہ جب کہ 25 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے نومبر میں دالوں اور مرغی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر نوٹس لیا۔ علاوہ ازیں حکومتی اقدامات کے بعد دال چنا کی قیمت میں 52.5 روپے، دال ماش میں 37.4 روپے فی کلو کمی ہوئی۔ مرغی کی قیمت میں 20.1 روپے فی کلو، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 1022.2 روپے کمی ہوئی۔ گزشتہ 4ہفتوں میں ٹماٹر، آلو، دالوں، انڈوں اور ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق حکومتی پالیسی اقدامات، انتظامی تدابیر اور ریلیف اقدامات مہنگائی کے دباؤ کو مؤثر طریقے سے قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔ان حالات میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اہم اقدامات کئے گئے ہیں،مہنگائی میں کمی لانے کی وجہ سے ان کا حوصلہ بڑھا اور انہوں نے’’اڑان پاکستان‘‘ کے نام سے ایک جامع منصوبہ قوم کے سامنے پیش کیا ہے جو صرف آج کے لیے نہیں، کل کے لیے نہیں، اگلے برس کے لیے نہیں،پانچ سال کیلئے نہیں،دس سال کیلئے نہیں، اس نسل کے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں اور آنے والی صدیوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لئے معیشت پر خصوصی توجہ دی جس کے نتیجے میں زرعی اور خوردنی اشیاء کی قیمتیں مستحکم ہوئیں، جس سے مجموعی مہنگائی میں کمی آئی۔اور اب مہنگائی81 ماہ کی کم ترین 4.1 فیصد کی سطح پرآچکی ہے۔ دسمبر 2023ء میں مہنگائی کی شرح 29.7 فیصد کی سطح پر تھی۔ مالی سال 2024-25ء کے پہلے 6 ماہ میں معیشت استحکام سے مضبوطی کا سفر طے کر چکی ہے۔ مالی سال 2024-25ء کے پہلے5 ماہ میں بیرون ممالک سے ترسیلات5 ارب ڈالر کی مثالی سطح پر ہیں۔مالی سال 25ء کی تکمیل تک ترسیلات 35 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچنے کی امید ہے۔پاکستان سٹاک ایکسچینج 22 سالوں کی سب سے زیادہ مثبت سطح پر ہے، جو پوری دنیا میں بہترین کارکردگی ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج دنیا بھر میں دوسری اور ایشیاء میں پہلی بہترین کارکردگی کی حامل سٹاک ایکسچینج ہے۔ان اقدامات سے حکومت نے ملک میں مہنگائی پر قابو پانے کی کاوشوں کو کامیابی سے ہم کنار کیا ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.