کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ وقت کی ضرورت

23

اداریہ

پاکستان میں کئی طرح کی دہشتگردی کا پھیلائو روکنے کے لئے عزم ظاہر کیا گیا ،حال ہی میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے دہشتگردی کے نئے خطرات سے قوم کو خبردار کیاتھا ،انہوں نے ڈیجیٹل دہشتگردی سے نوجوانوں کے ذہنوں کو خراب کرنے کے خدشات بھی قوم کے سامنے رکھتے ہوئے ان سے پوری قوت کیساتھ نمٹنے کا عزم ظاہر کیا ،پاکستان میں امن عامہ کی بحالی کے لئے پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دیکر نئی تاریخ رقم کردی ۔ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے پاک فوج کا کردار ہمیشہ سے ہی لازوال رہا ہے ۔پاکستان کے دشمنوں نے ملک میں حالات خراب کرنے کے لئے جو گڑ بڑ کے منصوبے بنائے انہیں ناکام بنانے کیلئے فورسز مستعد ہوکر برسرپیکار ہیں ۔کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کی جانب سے ایک بار پھر بڑی کارروائی کی گئی ہے۔رحیم یار خان کےکچے کے علاقے میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نےکچےکے علاقے ماچھکہ میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر حملہ کیا۔دونوں پولیس موبائل بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔ ڈاکوؤں نے راکٹ لانچروں سے پولیس پر حملہ کردیا۔گھوٹکی پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کے حملے میں 11 پولیس اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوگئے جب کہ 4 لاپتہ ہیں۔حملے کے بعد رحیم یار خان پولیس نے بھاری نفری علاقے میں طلب کرلی ہے۔رحیم یار خان میں پیش آنے والے اس اندوہناک واقعے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ،صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکام نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی ہے کہ ڈاکوؤں کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔پولیس حکام کی جانب سے ڈاکوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا اعلان کیا گیا ہے، تاکہ اس طرح کے واقعات کا دوبارہ سدباب کیا جا سکے اور علاقے میں امن و امان قائم کیا جا سکے،ادھر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آپریشن عزم استحکام کے لیے 20ارب روپے گرانٹ کی منظوری دیدی تاکہ ملک میں پائیدار امن کی راہیں استوار کی جاسکیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کی اور11 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ و افسوس کا اظہارکیا۔محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اورزخمی پولیس اہلکاروں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں،شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں،شہادت کا بلند رتبہ پانے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان حالات میں اب کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا صفایا ناگزیر ہے ،ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے اب کچے سے ڈاکوؤں کا مکمل صفایا وقت کی ضرورت ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.