نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز؛ اظہر محمود قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

36
سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود کو نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ سیریز کے میچز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے، سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کل لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا جائے گا۔

اظہر محمود نے 164 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 162 وکٹیں حاصل کیں اور 2ہزار 421 رنز بنائے، اظہر محمود اس سے قبل پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے ساتھ 2016 سے2019 کے دوران بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں۔

پریس ریلیز کے مطابق وہاب ریاض کو سینئر ٹیم منیجر مقرر کیا گیا ہے، محمد یوسف بیٹنگ کوچ ہوں گے، سعید اجمل اسپن بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے، وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے گزشتہ دوروں میں بولنگ کوچ تھے۔

پی سی بی کے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں وہاب ریاض (سینئر ٹیم منیجر) منصور رانا (ٹیم منیجر) اظہر محمود (ہیڈ کوچ) محمد یوسف (بیٹنگ کوچ) سعید اجمل (اسپن بولنگ کوچ) آفتاب خان (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ) شامل ہیں۔

ان کے علاوہ ڈریکس سیئمن (اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، طلحہ بٹ ( انالسٹ ) ارتضی کمیل (سیکیورٹی منیجر)، رضا کچلو (میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر)،زین مقصود (وڈیو گرافر) ڈاکٹر خرم سرور (ڈاکٹر) اور محمد عمران (میسیور ) بھی قومی ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کا حصہ ہیں۔

پی سی بی نے کہا کہ نیوزی لینڈ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کل قذافی اسٹیڈیم کے میڈیا کانفرنس روم میں دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ میڈیا کانفرنس روم میں محدود جگہ کی وجہ سے صرف پی سی بی سے منظور شدہ رپورٹرز اور فوٹوگرافرز کو مدعو کیا گیا ہے۔

یہ بھی واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 18 اپریل سے شروع ہوگی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 12 اپریل کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔

نیوزی لینڈ اسکواڈ:

مائیکل بریس ویل، فن ایلن، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میکونچی، ایڈم ملنے، جمی نیشم، ول اوورکے، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ، ایش سودھی

تبصرے بند ہیں.