اقلیتوں کا قومی دن اور قائد اعظم کا ویژن. اداریہ

30

ملک میں اقلیتوں کا قومی دن منایا گیا اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کی طرف سے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر میں پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ۔سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی ریاست پاکستان کے لئے خدمات کا اعتراف ہے۔ ہماری اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار کیا اور قیام پاکستان سے اب تک، تعمیر وطن میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہے۔بانیء پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے 11 اگست 1947 کو پاکستان کی آئین ساز اسمبلی میں ایک تاریخی تقریر میں اقلیتوں کے لئے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ قائد اعظم کے ویژن کی پیروی کرتے ہوئے اقلیتوں کی خدمات اور ان کی شناخت کے اعتراف میں 11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔پاکستان میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور عزت و احترام کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کے آئین میں تمام اقلیتی برادریوں کیلئے برابر کے حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔ حکومت آئین پاکستان کی روشنی میں تمام اقلیتی برادریوں کے لئے مساوی حقوق یقینی بنا رہی ہے۔ پاکستان میں بسنے والے مسلمان، سکھ، ہندو، مسیحی، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے آزاد شہری ہیں جنہیں یکساں حقوق اور اپنے نظریات کے مطابق زندگی گزارنے کا پوری آزادی حاصل ہے۔اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں پروگرامات کا انعقاد کیاگیا۔پاکستان اقلیتوں کے حوالے سے ایسا ملک ہے جہاں پر مسلمانوں کے ساتھ رہنے والی تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کا کلیدی کردار رہا ہے جس میں مرد و خواتین نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔اسکے علاوہ، پاکستان کی مسلح افواج میں بھی اقلیتی برادری کی بڑی تعداد وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سر انجام دے رہی ہیں۔پاکستان میں اقلیتوں کا مثبت کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں مذہبی، لسانی اور صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر فیصلے کیے جاتے ہیں۔ اقلیتوں کے لیے بھی ترقی کا وہی معیار ہے جو مسلمانوں کے لیے ہے۔حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبو د کے لیے مسلسل کوشاں اور سرگرم عمل ہے۔ ملک میں بسنے والی اقلیتیں ہمیشہ کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر تی رہیں گی۔دریں اثناء مسلح افواج کے سروسز چیفس نے اقلیتوں کے قومی دن پر ملک کی اقلیتی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ اقلیتوں کے دن پر مسلح افواج نے کہا ہے کہ قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا حصہ ناقابلِ فراموش ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کا دن تنوع، شمولیت اور بقائے باہمی ہماری عظیم قوم کا خاصا ہے ، اقلیتی برادریاں ہمارے سماج کا ناگزیر اور اہم ترین حصہ ہیں۔ اقلیتوں کے حقوق اور آزادیاں مقدس ہیں، جو آئین اور اسلام کے مطابق ہیں، اقلیتیں قائداعظم کے ویژن سے لیکر آج تک قومی تعمیر کا لازمی حصہ رہی ہیں ، اقلیتوں کی ملکی تعمیر و ترقی کیلئے قربانیاں اور کاوشیں قابل قدر ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.