شجر کاری مہم کے آغاز پر وزیراعظم کے اہداف اور عزم

27

وفاقی حکومت نے ملک کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے شجر کاری مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،موسمیاتی تغیر اور طوفانوں میں درخت ہی کارآمد رہے ہیں ۔درختوں کے فوائد سے ہر باشعور شہری واقف ہے اور اب حکومت نے ملک کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے شجر کاری مہم کو فروغ دیتے ہوئے اس مرتبہ ملک بھر میں اربوں درخت لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔وفاقی حکومت اس حوالے سے بڑی سرگرم نظر آرہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے اہداف کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو خصوصی ہدایات دی ہیں ۔اس حوالے سے ملک بھر میں شجر کاری مہم چلانے کے لئے نہایت عمدہ انتظامات کئے گئے ہیں ،شہریوں کی اس مہم میں بھرپور دلچسپی پیدا کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ،لوگوں کو شجر کاری کے فوائد سے آگاہ رکھنے کے حوالے سے بھی آگاہی مہم چلانے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ہر طرح سے حکومت نے بھرپور شجر کاری مہم چلانے کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں ،اس تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف بہت فعال ہوئے ہیں ،انہوں نے تیز رفتاری کے ساتھ شجر کاری مہم کا آغاز کیاہے ،وزیراعظم شہباز شریف نے مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں مون سون سیزن میں 10 کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مون سون شجرکاری مہم 2024 کا افتتاح کردیا، شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگا کرشجر کاری مہم کاآغاز کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شجرکاری مہم کے دوران ملک بھر میں 3 ارب 20 کروڑ پودے لگانے کا ہدف ہے۔وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہیں کہ رواں سیزن میں ملک بھر میں کم سے کم 10 کروڑ پودے لگائیں جائیں، درختوں سے آب و ہوا اور قدرتی حسن میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ درخت لگانے سے نہ صرف پاکستان مزید خوبصورت ہوگا بلکہ موسمی تبدیلی کے باعث پاکستان 2022 میں بری طرح متاثر ہو ا تھا، اس کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملی گی اور فضائی آلودگی میں فرق پڑے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ مون سون کا موسم ہر لحاظ سے حسین مزاج موسم ہے، اس سے گرمی کی شدت میں کمی آتی ہے اور ہر طرف مسکراہٹیں بکھرتی ہیں، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، اب یہ ہم پر ہے کہ ہم شبانہ روز محنت کرکے ان نعمتوں سے فائدہ اٹھائیں اور اللہ کے حضور شکر کا سجدا ادا کریں۔شہباز شریف نے کہا کہ اب مون سون کے موسم میں شجرکاری کے آغاز پر سب لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ پورے پاکستان میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر وفاقی حکومت، محکمے، افسران اور افراد سب ملکر اس عظیم کام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان کو آلودگی سے بچانے کے لیے، اس ملک کو خوبصورت بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، یہاں موجود بچے بھی اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ یہ پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں، یہ بڑے ہوکر تعلیم حاصل کرکے پاکستان کے عظیم معمار بنیں گے۔ان حالات میں بلاشبہ وفاقی حکومت نے بڑی بھرپور شجر کاری مہم چلائی ہے جس سے عوام کو بہت فوائد حاصل ہونگے ،وزیراعظم شہباز شریف کا یہ اقدام ملک سر سبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کی جانب اہم سنگ میل ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.