پنجاب میں “اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ” کے 3ماڈلز کی منظوری

77

پنجاب میں غریبوں کی فلاح وبہبود کےلئے صوبے کی پہلی خاتون وزیراعلی’ انقلابی اقدامات کررہی ہیں۔انہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کرتے ہوئے عام شہریوں کے لئے بنیادی سہولیات مفت انکی دہلیز پر فراہم کرنے کے کئی منصوبے بھی شروع کئے ہیں ،مریم نواز نے آتے ہی پنجاب میں رابطہ سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے اربوں روپے کی خطیر رقم مختص کرنے کی منظوری دی ہے ،کئی ہسپتال بنوانے کی منظوری دیکر فنڈز جاری کئے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی کاوشیں رنگ لانے لگیں، شہروں اور دیہات میں فیلڈ ہسپتال، کلینک آن وہیلز سے روزانہ ہزاروں مریض مستفید ہو رہے، کینسر، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو مفت ادویات گھر میں ملنے لگیں،صوبے کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال فنکشنل کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں ،تعلیم کے شعبے میں بھی بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی کیلئے خطیر رقم فراہم کردی گئی ہے ۔اب انہوں نے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے پر عملدرآمد کرتے ہوئے بےگھروں کو چھت دینے کے حوالے سے اہم اقدام کیا ہے ۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تین ماڈلز کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس ہوا، سینیٹر پرویز رشید اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی اجلاس میں شریک ہوئیں، سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن ریٹائرڈ اسد اللہ خان نے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی جس کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پی آئی ٹی بی اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے خصوصی پورٹل تیار کرے گا، جس کی مدد سے خواہشمند افراد گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے، پروگرام کے فارمز ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں، سکیم کے تحت ایک تا پانچ مرلہ تک کے پلاٹ مالکان گھر بنانے کیلئے بلاسود قرضہ حاصل کر سکیں گے، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر گھر کے مالکان کو آسان قسط پر قرضہ ادا کرنے کی سہولت ملے گی، سرکاری زمین پر گراؤنڈ اور تین منزلہ اپارٹمنٹ کے پروگرام کا پی سی ون منظور ہوگیا ہے فزیبلٹی سٹڈی بھی جلد ہوگی۔بریفنگ میں کہا گیا کہ نجی سکیموں میں تین اور پانچ مرلہ کے گھرپنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے الاٹیز کو ملیں گے، پھاٹا کے الاٹی نجی سکیم میں گھر لینے پر پانچ سال میں گھر کی اقساط ادا کریں گے، حکومت پنجاب نجی ہاؤسنگ سکیم میں گھر کی لاگت کا بوجھ کم کرنے کیلئے سبسڈی دے گی، کسی بھی شہر یا گاؤں میں 70 ہزار پلاٹ مالکان قرض لے سکیں گے، پانچ مرلہ تک پلاٹ کے مالک کو گھر بنانے کیلئے بلا سود قرض ملے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےاپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تین ماڈلز کی اصولی منظوری دے دی، مریم نواز نے ماڈل گھروں کے نقشے میں لیونگ روم بھی شامل کرنے کی ہدایت کر دی، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کی سہولت کے لئے ٹال فری نمبر متعارف کرانے کا بھی حکم دے دیا، وزیراعلیٰ نے پلاٹ پر قرض حاصل کرنے والوں سے سروس چارجز لینے سے بھی روک دیا، مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے قرض کی ادائیگی پر سروس چارجز حکومت پنجاب ادا کرے گی۔وزیراعلی مریم نواز شریف کے حالیہ اقدامات سے عوام کو ریلیف دینے کی صورت سامنے آئی ہے ۔صوبے کی پہلی خاتون وزیراعلی’ کی جانب سے پسماندہ علاقوں کے دورے کرتے ہوئے وہاں ترجیحی بنیادوں پر زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کی خاطر تیزرفتاری سے کام شروع کروائے ہیں ،اب غریبوں کو چھت دینے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز کرکے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے عوام کے دل جیت لیے ہیں ۔عوام وزیراعلی پنجاب کے حالیہ انقلابی اقدامات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ،تاریخ بھی انکی غریب پروری پر انہیں زندہ رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.