امن اور ترقی کیلئے بھارت کو ملکر کام کرنے کی پیشکش

33

اداریہ

12/06/24

دنیا میں اب کوئی معاشرہ کسی سے کٹ کر نہیں رہ سکتا ۔
مشترکہ ترقی کے ایجنڈے سے قومیں آگے بڑھ کراپنوں اور دوسروں کی خوشحالی کی راہیں کھول رہی ہیں ۔
آج کے اس جدید عہد میں گلوبل ویلج کے تصور سے تعمیر وترقی کے نئے باب کھل رہے ہیں ۔
ان حالات می جب طویل عرصے سے دو ہمسایہ ممالک کے باہمی تعلقات سرد مہری کا شکار رہیں تو پھر ترقی کے راستے مسدود ہوکر رہ جاتے ہیں ۔بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے مواقع سے فائدہ اٹھایا ،کشمیر کے مسئلے پر جنگیں مسلط کرتا رہا ہے ۔اور اب ہائبرڈ جنگیں مسلط کررہا ہے ۔
جدید آلات اور تکنیک سے بھارت نے بڑی ہوشیاری اور چالاکی سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لئے سازشیں رچائی ہیں ۔خود خطے پر غلبہ کے لئے بھارتی حکمرانوں نے سازشی تھیوری کو آگے بڑھایا ہے اسکے برعکس پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے فائدے اور
خطے کے پائیدار امن کے عمل کو آگے بڑھایا ہے ۔
پاکستان نے ہر اہم مرحلے پر بھارت کو ملکر کام کرنے کی پیشکش کی ہے اب پھر بھارت کی
انتہا پسند جماعت کے نریندرا مودی کے تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے
خیرسگالی کے جذبات کو تقویت دی ہے ۔
پاکستان کے مقبول سیاسی رہنما بھی بھارتی قیادت کو راہ راست پر لانے کا راستہ دکھا رہے ہیں،
اس تناظر میں مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے پر پپڑوسی ملک
بھارت کے صدر کو مبارکباد پیش کی ہے
اور خطے کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیں ہم مل کر نفرت کو امید سے بدل دیں۔
مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں نواز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر نریندر مودی کو
مسلسل تیسری مرتبہ بھارتی وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حالیہ انتخابات میں آپ کی جماعت کی کامیابی آپ کے لوگوں کا آپ کی قیادت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو خطے کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ
آئیں ہم مل کر نفرت کو امید سے بدل کر جنوبی ایشیا میں رہنے والے دو ارب انسانوں کی قسمت و تقدیر بدلنے کے موقع سے استفادہ کریں۔
نریندر مودی نے مسلم لیگ(ن) کے صدر کی مبارکباد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ
ہم آپ کی مبارکباد کے پیغام کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے عوام ہمیشہ امن، سلامتی اور ترقی پسند خیالات کے ساتھ کھڑے رہے ہیں
اور بھارت کے لوگوں کی فلاح اور تحفظ کے لیے کام کرنا ہمیشہ میری ترجیح رہے گی۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی تیسری مرتبہ وزیر اعظم کا حلف اٹھانے پر
نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی تھی اور بھارتی وزیراعظم نے ان کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔
یاد رہے کہ 2024 کے عام انتخابات میں غیرمتوقع نتائج اور توقعات سے کمتر نشستیں حاصل کرنے کے باوجود
گزشتہ روز نریندر مودی نے لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا۔
تقریب میں پڑوسی ممالک بنگلہ دیش، سری لنکا اور مالدیپ کے مندوبین نے شرکت کی
لیکن بھارت کے ساتھ مسابقت کی وجہ سے پاکستان اور چین کے مندوبین تقریب میں شریک نہ تھے۔
ان حالات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی دونوں ملکوں کے فائدے میں نہیں ،
دونوں ملکوں کے عوام امن کے راستے تعمیر وترقی کی راہوں سے خوشحالی چاہتے ہیں ۔
تنازعات کے خاتمے سے خطے میں حالات تبدیل ہونے کی امید رکھتے ہیں
اس حوالے سے پاکستان کے سینئر سیاستدان بھارتی قیادت کو بروقت صائب مشورے دے رہے ہیں ۔
پاکستان کی جانب سے بھارتی قیادت کو امن اور ترقی کے لئے ملکر کام کرنے کی جو پیشکش کی گئی ہے
اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.