اداریہ
پاک چین دوستی کے مظہر سی پیک منصوبے میں نئی پیشرفت
دنیا میں اب تیز رفتار ترقی کیلئے عالمی رابطوں کا نیا جہان سامنے آیا ہے ۔پہلے سے موجود باہمی رابطوں کو وسعت مل رہی ہے اور کئی ممالک کے درمیان مشترکہ ترقیاتی میگا پراجیکٹس مکمل ہورہے ہیں جس سے نہ صرف ان ممالک کے عوام کی خوشحالی کی راہیں کھل رہی ہیں بلکہ خطے کی ترقی کے بھی امکانات روشن ہورہے ہیں ۔ان حالات میں دیکھا جائے تو پاکستان نے چین سے ملکر سی پیک کا جو منصوبہ بنایا اس نے خطے کی حالت بدلنے کا منظر نامے پیش کردیا ہے ۔سی پیک ایک ایسا مفید اور پائیدار راہداری کا منصوبہ ہے جس سے پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی جڑی ہوئی ہے ۔پاکستان اور چین کی جانب سے اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے تیز رفتاری سے کام کئے ۔تمام ماہرین نے اس حوالے سے جو بھی بروقت منصوبہ بندی کی اس پر من وعن عملدرآمد سے اس منصوبے کو مزید بہترین اور مفید بنانے کی راہیں استوار ہوئی ہیں ۔سی پیک خطے میں گیم چینجر منصوبہ ثابت ہونے جارہا ہے ۔نئی صدی کے کئی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے سی پیک منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا اہتمام اور پھر اس میں توسیع کا عمل پاک چین دوستی کی لازوال مثال بن کر نئی تاریخ رقم کررہا ہے ۔اس تناظر میں اب پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت 6 ارب 70 کروڑ ڈالرز کے کراچی تا پشاور ریلوے اپ گریڈیشن منصوبے میں بڑی پیش رفت کی راہ ہموار ہونے لگی اور وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں ’ایم ایل ون‘ منصوبے کے مالی معاملات طے پانے کا امکان ہے۔حکومتی ذرائع کےمطابق ایم ایل ون منصوبے کے لیے 85 فیصد یا 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کے فنڈز چین کی جانب سے فراہم کیے جانےکا امکان ہے، جبکہ منصوبے کے لیے پاکستان اپنے وسائل سے 15 فیصد یا ایک ارب ڈالرز فنڈز فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کے لیے فنانسنگ معاہدے کے امور کو حتمی شکل دی جائےگی، معاملات طے پانے پر پاکستان اور چین کے درمیان فنانسنگ کا معاہدہ ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ ایم ایل ون منصوبہ 8 سال میں مکمل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور تک ایک ہزار 726 کلومیٹر ڈبل ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔حکام کے مطابق سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے گزشتہ ماہ ایم ایل ون منصوبےکا نظرثانی پی سی ون منظور کیا تھا، سی ڈی ڈبلیو پی نے 6 ارب 70 کروڑ ڈالرز کے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دی تھی۔حکام نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ چین ۔ پاکستان اقتصادی راہداری کا اہم منصوبہ ہے، ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کے ریلوے کے نظام کو مضبوط بنائے گا۔حکومت سی پیک کے تحت تمام منصوبوں اور معاہدوں کی تکیمل کے لیے پر عزم ہے ، سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔حکومت اس منصوبے کو بھر پور انداز میں آگے بڑھانے کے لیے پر عزم ہے ۔باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے سی پیک سیکرٹریٹ کو ایک اتھارٹی میں تبدیل کیا جا رہا ہے ، جو وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے نیچے کام سر انجام دے گی ، جس کا کام مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانا اور مستقبل میں سی پیک کے منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا ۔ان حالات میں پاک چین تعاون سے اس منصوبے کی تکمیل پر دونوں ممالک کے عوام کے ساتھ ساتھ پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کی راہیں کھلتی چلی جائیں گی ۔