اداریہ
پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو قوم کا سلام
دنیا کو خطرناک ترین دہشتگردوں سے نجات دلانے کی خاطر پاک فوج نے لازوال قربانیاں دیکر نئی تاریخ رقم کی ہے ۔پاک فوج نے عالمی امن کے لئے جو کچھ کیا عالمی برادری کو اس کا احساس ہے اور پوری دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے بے مثال کردار کی معترف ہے ۔پاک فوج نے دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کی خاطر طویل جنگ لڑی ہے جو ہنوز جاری ہے ،اس وقت دنیا کو پھر سے پاک فوج کے صائب کردار کی ضرورت ہے ۔دنیا بھر میں دہشت پھیلانے والوں کے عزائم خاک میں ملانے کیلئے پاک فوج پھر سے وحشی دہشتگردوں کے ساتھ برسر پیکار ہے ،اج بھی انسانیت کے ازلی دشمن اپنی ناکامیوں کا ذمے دار پاک فوج کو ہی سمجھ کر اس پر حملے کررہے ہیں ،پاک فوج کے جوان عزم وہمت کے ساتھ دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں ،جس میں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے ۔پاک فوج کی دہشت گردی کیخلاف لڑی جانے والی جنگ کے دوران عظیم قربانیاں ہیں ۔قربانیوں کے اس سلسلے میں کمی واقع نہیں ہوئی اور سرفروش جوان پہلے سے بڑھ کر جذبہ شہادت کی آرزو لیئے میدان عمل میں کود رہے ہیں تاکہ دہشتگردوں کا مکمل صفایا کرکے اپنے ہم وطنوں کو سکھ ،چین اور آرام مہیا کرسکے ، قوم کو ان کی قربانیوں کا پوری طرح ادراک ہے اور پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کررہی ہے ۔ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر کو روکنے کے لئے پاک فوج کے جوان پھر سے قربانیاں دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے گزشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے 2 حملوں میں 7 سکیورٹی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کے روز پہلا حملہ تحصیل دتہ خیل کے علاقے حسن خیل میں اس وقت ہوا جب بم ڈسپوزل یونٹ کو نشانہ بنانے والا دیسی ساختہ بم پھٹ گیا، دھماکے کے فوراً بعد دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 سکیورٹی اہلکار شہید جب کہ 2 زخمی ہو گئے۔مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی کے ایک اور واقعے میں دہشت گردوں نے میر علی کے علاقے سیمن میں ایک سکیورٹی پوسٹ پر دھاوا بول دیا، اس حملے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے، سکیورٹی اہلکاروں کی میتوں اور زخمی اہلکاروں کو ایئرلفٹ کرکے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال بنوں پہنچا دیا گیا جب کہ سکیورٹی فورسز نے حملوں کے فوری بعد علاقوں کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔قبل ازیں شمالی وزیرستان میں 8 مئی کی رات تحصیل شیوا میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے لڑکیوں کے ایک نجی اسکول کو دھماکے سے اڑا دیا تھا، اس حملے میں عسکریت پسندوں نے پہلے اسکول کے چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں اسکول کے 2 کمروں کو دھماکے سے اڑا دیا۔دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پاک فوج کے جوان تازہ دم ہوکر دشمن کے خلاف بلند حوصلے کیساتھ ڈٹے ہوئے ہیں ۔پاکستان سے دہشتگردی کے عفریت کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عزم لے کر پاک فوج کے سرفروش میدان میں ہیں ،پاک فوج کے ساتھ پوری قوم شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔پاک فوج کی عوام کو بچانے کے لئے لازوال قربانیوں پر قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔پاک فوج دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرکے اس عظیم مشن میں ضرور کامیاب ہوگی ۔