اداریہ

37

قوم نے 9مئی کے کرداروں کو معاف نہیں کیا

دنیا میں وہ قومیں ہمیشہ نیست ونابود ہوئیں جنہوں نے منافقت کرتے ہوئے اپنوں کو نشانہ بنایا ۔ایسے ہی پاکستان پر 9مئی کو کچھ بیرونی دشمنوں سے ملکر اپنوں نے اپنی ہی سلامتی پر حملہ کردیا ،دراصل شرپسند کبھی بھی اپنے نہیں تھے اور ہونگے یہ دشمن کے آلہ ء کار تھے بالکل اسی طرح کہ جیسے دہشتگرد کبھی مسلمان نہیں ہوسکتا ۔اسلام کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں اسی طرح پاکستان کی سلامتی کے ادارے پر حملہ کرنے والے پاکستانی نہیں ،اسی تناظر میں پاک فوج کے ترجمان نے 9مئی کے سانحے کی حقیقت کھول کر رکھ دی ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ 9 مئی کو عوام اور فوج میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو آئین کے مطابق سزا دینا ہوگی۔پہلی بات تو یہ کہ 9 مئی صرف افواج پاکستان کا مقدمہ نہیں ہے، یہ پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے۔احمد شریف چودھری کی پریس کانفرنس کے اہم نکات درج ذیل ہیں ۔پی ٹی آئی کے لیے واپسی کا راستہ صرف یہ ہے کہ وہ معافی مانگے۔9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے سے اتفاق کرتے ہیں۔پاکستان میں اڈے کسی کے حوالے نہیں کیے گئے۔بشام حملے میں چینی انجینئرز کو مارنے کی سازش افغانستان میں کی گئی۔بھارت کی جانب سے درپیش’خطرات’ سے آگاہ ہیں۔پاکستانی سرزمین پر بھارتی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں۔پاکستان فلسطینیوں کے لیے بات کرتا رہے گا۔افغان وطن واپسی ملک کے وسیع مفاد میں ہے۔اسکے ساتھ ہی پھر اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں اس کی فوج پر حملہ کرایا، اس کی فوج کے شہدا کی علامات کی تضحیک کی تھی، اس کے بانی کے گھر کو جلایا تھا، وہاں پر فوج اور عوام کے درمیان نفرت پیدا کی گئی، اور وہ لوگ جو یہ کر رہے ہیں، یہ کروا رہے ہیں، ان کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا جائے تو کسی بھی ملک میں ایسا ہو وہاں کے نظام انصاف پر سوال اٹھتا ہے۔ہم سمجھتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اگر پاکستان کے نظام انصاف پر یقین قائم رکھنا ہے اور جزا اور سزا کا وہ نظام جس پر اللہ تعالیٰ کی یہ کائنات، یہ قدرت اور یہ نظام چلتا ہے، اگر اس پر یقین قائم رکھنا ہے تو 9 مئی کے ملزمان، اس کو کرنے والے اور اس کو کرانے والے، آئین اور قانون کے مطابق انہیں سزا دینی پڑے گی۔میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے 9 مئی سے متعلق بیانیہ بنائے جانے کے حوالے سے کہا کہ 9 مئی کوئی ڈھکی چھپی چیز نہیں ہے، اس کے ناقابل تردید شواہد عوام کے پاس بھی ہیں، افواج کے پاس ہی نہیں، ہم سب کے پاس ہیں، ہم نے اپنی آنکھوں سے ان واقعات کو ہوتے دیکھا، ہم سب سے دیکھا کہ کس طریقے سے لوگوں کی ذہن سازی کی گئی، ان کو افواج کے خلاف، اس کی قیادت کے خلاف، ایجنسیوں اور اداروں کے خلاف جھوٹ اور پروپیگنڈے سے ان کے ذہن بنائے گئے۔ہم نے دیکھا کہ کچھ سیاسی رہنماؤں نے چن چن کر اہداف دیے کہ ادھر حملہ کرو، ادھر حملہ کرو، ہم نے دیکھا کہ چند گھنٹوں میں پورے ملک میں صرف فوجی تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور ان واقعات کو آپ نے بھی دیکھا، کیمرے کی آنکھ نے فلم بند بھی کیا اور جب یہ شواہد اور یہ ساری چیزیں لوگوں کے سامنے آئیں تو آپ نے عوام کا غصہ اور رد عمل بھی دیکھا، آپ نے یہ بھی دیکھا کہ کس طرح سے عوام اس انتشاری ٹولے سے پیچھے ہٹی، تو جب یہ کھل کر سامنے آگیا تو وہ دوسرا فریب ، دوسرا جھوٹا پروپیگنڈا شروع کیا گیا کہ یہ فالس فلیگ آپریشن تھا، یہ تو پتا ہی نہیں کہ یہ کیا ہوا، کون، کیسے کرگیا۔اس موقع پر انہوں نے ایک انگریزی مقولے کا حوالہ دیا اور کہا ایسے ہی لوگوں کے لیے کہا گیا ہے کہ ’آپ سب لوگوں کو کچھ وقت کے لیے بیوقوف بنا سکتے ہیں، کچھ لوگوں کو ہمیشہ بیوقوف بنا سکتے ہیں، لیکن آپ سب لوگوں کو ہمیشہ کے لیے بیوقوف نہیں بنا سکتے‘، تو یہ جھوٹ اور یہ فریب میرے بھائی نہیں چل سکتا، یہ جو میں نے آپ کو بتایا جو آپ نے دیکھا، یہ آپ لوگوں کے سامنے ہے، اگر آپ اجازت دیں تو میں آپ کو اس کی چھوٹی سی جھلک دکھاتا ہوں تاکہ آپ کی یاد داشت تازہ ہو کہ 9 مئی کا دن کیا تھا۔ان حالات میں 9مئی کو ملکی سالمیت پر حملہ کرنے والوں کو عوام نے معاف نہیں کیا ،پوری قوم اس حوالے سے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.