شفقت اللہ مشتاق کے اعزاز میں تقریب

21
انعام الحق راشد

بیوروکریٹس خصوصیات کی فہرست اگر بنائی جائے تو ان کی اکثریت میں ایک خاصیت ایسی بھی ہوتی ہے جو انسانیت کی خدمت کو ہی مقصد حیات بنائے ہوتے ہیں۔
ایسے بیوروکریٹس اپنے عہدے کے مطابق فرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ انسانیت کے ترازو میں اپنے کردار کو تولتے اور اس تناظر میں مصروف عمل نظر آتے ہیں۔
ایسے افسران سے حکومتوں کا تو معلوم نہیں ، عام عوام، ان کا عملہ اور سائلین بھی خوش و مطمئن نظر آتے ہیں۔
بلا شک ایسے افسران کے لیے ان کی غیر موجودگی میں، کی جانے والی دعائیں، کہیں انہیں مشکلات و آفات سے بچا لیتی ہیں
کہیں رزق کے اچھے اور صاف ستھرے اسباب عطا ہونے کا سبب بنتی ہیں تو کبھی محسوس ہوتا ہے کہ عزتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ایسے ہی افسران پر جب شعور و ادب کے حوالے بھی غیب سے اترتے ہوں تو ان کا احساس انہیں انسانی مسائل کے حل پر عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ تحریر کے ذریعے تحریک اور تجاویز کے ساتھ متحرک ہونے کی خاصیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
اگر بیوروکریٹس میں اپنے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ کالم نگاری اور شاعری کے حوالے تلاش کریں تو ایک تعداد بآسانی سامنے آ سکتی ہے۔
اور اگر یہ کہیں کہ شفقت اللہ مشتاق ایسی ہی ایک علمی و ادبی شخصیت ہیں تو یہ مبالغہ نہ ہوگا۔معروف بیوروکریٹ، کالم نگار اور شاعر شفقت اللہ مشتاق گزشتہ روز بہاولپور تشریف لائے اور ایک علمی و ادبی محفل کے انعقاد اور تشنگانِ علم کو ایک چھت تلے اکٹھے ہونے کا سبب بن گئے۔
سنا تو یہ تھا کہ پیاسا کنویں کے پاس جاتا ہے، لیکن یہاں معاملہ ایسا تھا کہ جیسے کنواں خود پیاسوں کے پاس پہنچ گیا ہو ۔ ان کی موجودگی ، گفتگو اور تجربات نے تشنگانِ علم و ادب کو مستفید ہونے کا موقع فراہم کردیا۔
ویسے تو ادراک فورم بہاولپور علمی، ادبی، سیاسی وسماجی شخصیات سے ملاقات میں اور مختلف شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے، کچھ اچھا، بہتر اور منفرد کر گزرنے کے تجربات کو عوام تک پہنچانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔
ایسے میں شفقت اللہ مشتاق کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد اپنی کاوشوں کو تقویت دینے خوبصورت جواز بن گیا۔ایسے میں پریس کلب بہاولپور کے صدر چوہدری سلیم، سینیئر نائب صدر ذیشان لطیف، ادراک فورم بہاولپور کے عہدے داران چیئرمین عبدالخالق قریشی،
صدر انور گریوال ،جنرل سیکرٹری انعام الحق راشد (راقم)، نائب صدور امجد علی کلیار، راجہ شفقت محمود کے علاوہ محفل کو سابق صدر پریس کلب نصیر احمد ناصر، متعدد کتابوں کے مصنف محمد عارف جان ، معروف صحافی عمران بھنڈر، لینڈ لارڈ ملک شاہنواز، عوامی سماجی شخصیت جمشید کریم، صحافی ، علمی و ادبی شخصیت صادق ارشد، شاعر سہیل ابو زینب، برادرم علی اصغر اور قبیلہ صحافت کے متعدد دیگر دوستوں نے شفقت اللہ مشتاق سے ملاقات کو تھوڑے سے وقت میں ہی محفل کا رنگ دے کر یادگار بنا دیا۔
شفقت اللہ مشتاق سیکرٹری بورڈ آف ریوینیو ہی نہیں، تین کتب کے مصنف ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ ان کی تصنیفات کلام شفقت ،جاگ اور بھلن ہار، ان کے صاحب کتب ہونے کا ثبوت ہی نہیں، ان کی تخلیقی، علمی، ادبی صلاحیتیں، وسیع مطالعہ، اسلوب نگارش، الفاظ پر عبور اور لفظوں کو قرینوں میں ڈھال کر وقت کے اندھیروں کو روشنی کے سفر پر گامزن کرتی نظر آتی ہیں۔ شفقت اللہ مشتاق دھیمے اور پرتاثیر لہجے میں وقت کی نبض پر ہاتھ رکھ کر مستقبل کے معاملات پر گفتگو کرتے ہیں تو ادب کے جزیروں میں کی جانے والی آوارہ گردی سے بھی کشید کیے جانے والے تجربات کو اس سلیقے سے سماعتوں میں اتارتے ہیں کہ تعلیم و تحقیق کے فروغ کا حق ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ اسی طرح بارش کی طرح روانی سے برستے الفاظ، بے ساختہ، بے تکلف اور بے خوف جملے، گفتگو کا ہنر سامعین کو ہاتھ سے پکڑ کر منزلوں تک لے جاتے نظر آتے ہیں۔ شفقت اللہ مشتاق سے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر برادرم امجد علی کلیار کے مشکور ہیں۔ تقریب کے انعقاد کے حوالہ سے پریس کلب بہاولپور کی لٹریری کمیٹی کا محبتوں بھرا تعاون قابل ستائش ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ نفسا نفسی اور اخلاقی اقدار کے گم ہو جانے والے اس ماحول میں شفقت اللہ مشتاق جیسے چراغوں کی روشنی ان اندھیروں کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ نوجوان نسل کو علمی و ادبی محافل، اخلاقیات کی تدریس کے آسان طریقہ ہے اگے بڑھنے اور کامیابیوں کو سمیٹنے کے لیے ایسی تقریبات کا انعقاد گھٹن زدہ ماحول میں تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے، جس سے نوجوان نسل کو مستفید ہونے کا ماحول اور مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ سچ کہ تقریب میں وقت گزرنے کا احساس تک نہ ہوا لیکن پھر بھی لگتا ہے کہ تشنگی ابھی باقی ہے۔ تقریب کے آ خر میں سہیل ابو زینب ، شفقت محمود ، انعام الحق راشد نے اپنی شاعرانہ کاوشوں سے محفل کو مستفید کیا تو محفل کے مہمان خاص شفقت اللہ مشتاق نے بھی اپنا شاعرانہ کلام پیش کیا ۔

تحریر انعام الحق راشد۔

14/03/24

https://dailysarzameen.com/wp-content/uploads/2024/03/p3-10-1-scaled.jpg

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.