شاہد آفریدی کے حیران کن بیان نے کرکٹ کے حلقوں میں نئی بحث چھڑ دی

234
سابق قومی کپتان شاہد آفریدی
سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ آفریدیوں کو سمجھانا بہت مشکل کام ہے اسی لیے وہ شاہین آفریدی کو نہیں سمجھاتے۔

امریکی شہر ہیوسٹن میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں خطاب کرتے ہوئے سابق قومی کپتان نے سب کو حیران کر دیا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ آفریدیوں کو سمجھانا بہت مشکل کام ہے اور وہ شاہین کو اس لیے نہیں سمجھا پاتے کہ وہ بھی آفریدی ہے۔

بوم بوم آفریدی کے نام سے دنیا بھر میں مشہور سابق ممتاز آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں محمد عامر کے آنے سے شاہین شاہ آفریدی کو بہت سپورٹ مل جائے گی کیونکہ عامر تجربہ کار ہے اور اسے ہر قسم کی صورتحال میں بال کرنا آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین یہ سمجھتا ہے کہ ہر قسم کی پچ پر آؤٹ کرنا ہے جو کہ ممکن نہیں ہوتا۔ عامر کے ساتھ کام کر کے بہت کچھ سیکھ لے گا۔

شاہد آفریدی کا رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ امریکا میں منعقد ہونے کے ایک سوال پر کہنا تھا کہ امریکا میں ایشین کمیونٹی بہت زیادہ ہے جہاں پر کمیونٹی ہو گی وہاں پر کرکٹ خود بخود آجائے گی۔

اپنے دور میں سب بولرز کے چھکے چھڑانے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ اس عمر میں بھی چھکے مارنے کیلیے حاضر ہیں۔ ہماری نمبر ون بولنگ ہے اور زبردست اسٹرینتھ ہے لیکن مجھے سمجھ نہیں آتی ہے کہ ہم ڈیڈ پچز کیوں بناتے ہیں۔

اس تقریب میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009 کی فاتح ٹیم کے کپتان یونس خان سمیت ٹیم میں شامل کھلاڑیوں عبدالرزاق، مصباح الحق، فواد عالم، کامران اکمل اور عمر گل نے شرکت اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے تاریخی لمحات کو یاد کرتے ہوئے خوبصورت باتیں شرکا کے ساتھ شیئر کیں۔ اس موقع پر ان کھلاڑیوں میں دلچسپ نوک جھونک بھی ہوئی۔

تبصرے بند ہیں.