امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے منصب سنبھالنے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
لاہور میں پارٹی کے مختلف ونگز کے اجلاسوں سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ نوازشریف کو اللہ تعالی نے سرخرو کردیا، اب پاکستان کو سرخروکرنا ہے، اللہ تعالی نے ہر بار نوازشریف کو ’پلس‘ کیا، ہر بار مائنس کرنے کی کوشش مائنس ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے بغض میں عوام کو سزادی گئی، امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی اور دعا ہے کہ ترازو کے پلڑے سب کیلئے برابر ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ امید ہے نوازشریف اور ان کے ساتھیوں کوپروجیکٹ کے کارندوں کی ناانصافیوں سے نجات ملے گی، نوازشریف سےدشمنی کی سوچ اصل میں پاکستان دشمنی اور عوام دشمنی کی سوچ ہے۔