عمر گل نے شاداب خان سے کیوں معافی مانگی؟

56
عمر گل، شاداب خان
سابق کرکٹر عمر گُل نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران آل راؤنڈر شاداب خان کی انجری سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔

یاد رہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے 26ویں اور اہم ترین میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 271 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے آخری وکٹ پر ہدف حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی تھی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی اننگز شروع ہوئی تو پہلے ہی اوور میں شاداب خان فیلڈنگ کے دوران انجرڈ ہوگئے تھے، وہ فیلڈنگ کے دوران تھرو کرتے ہوئے انجرڈ ہوئے اور میدان سے باہر چلے گئے۔

اس سے متعلق نجی ٹی وی کے پرگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر عمر گُل نے کہا تھا کہ شاداب خان نے خود کو بچانے کے لیے انجری کا بہانہ بنایا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’ہمیں نہیں معلوم کہ شاداب کو کس قسم کی انجری ہوئی ہے، لیکن لازمی سوال اٹھتے ہیں جب آپ گرتے ہیں، کنکشن کا بہانے بناتے ہیں اور ٹیم سے بھاگ جاتے ہیں، پھر فزیوتھراپسٹ آپ کا چیک اپ کرتے ہیں اور تھوڑی دیر بعد آپ باہر آجاتے ہیں، وہاں آپ لوگوں سے بات کرتے ہیں اور پھر دوبارہ اندر چلے جاتے ہیں۔‘

بعدازاں عمر گل نے شاداب خان کی انجری سے متعلق طبی مشورے کے بارے میں جاننے کے بعد اپنا مؤقف بدل لیا۔

عمر گل نے ایک انٹرویو دیتے میں انکشاف کیا کہ انہوں نے ذاتی طور پر شاداب خان سے اپنے بیان پر معافی مانگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پی ایس ایل کے بعد میں نے فوراً شاداب سے رابطہ کیا کیونکہ اصل میں ایک سال کے دوران وہ دو بار کنکشن کا شکار ہوئےتھے اور تیسری بار ورلڈکپ کے دوران ایسا ہوا تھا، ڈاکٹرز نے انہیں کسی بھی سنگین انجری سے بچنے کے لیے آرام کا مشورہ دیا تھا‘۔

عمر گل نے کہا کہ ’جب مجھے ان کی انجری کی اصل نوعیت کا معلوم ہوا تو فوراً شاداب کے پاس گیا اس سے معافی مانگی، اس وقت ٹیم کی ضرورت کے مطابق میں نے اپنا بیان دیا، لیکن میرا مقصد انہیں تکلیف پہنچانا ہر گز نہیں تھا، ہم دونوں کے آپس میں اچھے تعلقات ہیں‘۔

عمر گل کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد شاداب خان نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’ایک دلیر انسان ہی اپنی غلطی قبول کرسکتا ہے، گلی (عمر گل) بھائی ہم آپ کی عزت کرتے ہیں، ہمیشہ خوش رہیں‘۔

تبصرے بند ہیں.