دوست ممالک کے تعاون سے ملکی معیشت مستحکم کرنے کی کاوشیں کامیاب

21

اداریہ

پاکستان کو درپیش کئی طرح کے بحرانوں کو ٹالنے کیلئے ن لیگ کی سربراہ میں قائم مخلوط حکومت نے موثر حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے مشکلیں آسان کرنے کی راہیں کھولیں ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کے استحکام کی خاطر انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ دوست ممالک سے تعاون حاصل کرنے کی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے ،اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے وزیر اعظم کے دورہ سعودیہ اور قطر کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قطر نے بھی پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا، وزیر اعظم کی سعودی عرب کی قیادت سے ملاقاتیں انتہائی سود مند ثابت ہوئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی معیشت تیزی کے ساتھ مستحکم ہو رہی ہے اور ملک میں سرمایہ کار بھی دلچسپی لینے لگے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری تیزی سے بڑھ رہی ہے، سعودی عرب کی سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو گئی ہے جب کہ قطر نے بھی پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق ایم او یوز پر پیش رفت جاری ہے،سعودی عرب نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں ہماری بھرپور مدد کی جس پر ہم برادر ملک کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر فلسطینیوں کا مقدمہ لڑا ہے، سعودی عرب کی قیادت کے ساتھ بھی اسرائیلی مظالم پر گفتگو ہوئی ہے، فلسطین کے مسئلے پر وزیر اعظم پاکستان نے تقریر کی تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا، پاکستان فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا، قطر نے پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، آئندہ چند دنوں بعد قطر کا وفد پاکستان کا دورہ بھی کرے گا، سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہو گی۔خیبر پختونخوا کے حالات، دہشتگردی کے واقعات اور امن و امان کی صورتحال سے وزیراعلی’ کے پی کی نا اہلی صاف ظاہر ہو رہی ہے، وہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں بھی بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ ملک میں دہشتگردی کے واقعات ملکی ترقی کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں، حکومت دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتی کاوشوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، سعودی عرب نے سرمایہ کاری کو 2.8 ارب ڈالر تک توسیع دے دی، سعودی فاسٹ فوڈ چین البیک پاکستان آرہی ہے۔ اللہ کاشکرہے معیشت بحالی کی پٹڑی پر چڑھ چکی ہے۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری کے دورہ پاکستان میں 27 معاہدوں پردستخط ہوئے، مگر اب دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کی تعداد27سے بڑھ کر 34ہوگئی، دونوں ممالک نے معیشت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا، ملکی معیشت کی بحالی اوراستحکام میں سعودی عرب کااہم کردار رہا ہے۔سعودی فاسٹ فوڈ چین البیک پاکستان آرہی ہے، کمپنی نے اپنی سپلائی چین پر کام شروع کردیا ہے، تمام شعبوں میں تیزی سے پیش رفت ہورہی ہے، تفصیلات وقت آنے پر سامنے لائیں گے،ان حالات میں بلاشبہ دوست ممالک کے تعاون سے ملکی معیشت کو استحکام دینے کی سنجیدہ کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہورہی ہیں ۔ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکے گا اور عوام کو ریلیف دینے کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم ہو جائینگی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.