مہنگائی کم کرنے کیلئے حکومتی کاوشیں کامیاب ہونے لگیں

6

اداریہ

ملک میں مہنگائی کے عذاب نے عوام کا جینا مشکل کیا تو ہر طرف اس جن کو قابو کرنے کے مطالبات سامنے آئے ،بے تحاشا مالیاتی بحرانوں کے باعث عوام کو فوری ریلیف دینا محال رہا جس پر موجودہ حکومت نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی خاطر معاشی استحکام لانے کی کاوش کی جس کے اب بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اس پر وزیراعظم شہبازشریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لیے اچھی خبر قرار دے دیا۔حکومت پاکستان کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے ،دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 16 ماہ میں جو محنت کی، نگران حکومت نے اسے جاری رکھا، یہ اسی کے ثمرات ہیں ،مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے، اللہ تعالی کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی ، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومتیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں، اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی۔واضح رہے کہ اپریل میں مہنگائی کی شرح میں 3.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق مارچ 2024 میں مہنگائی کی شرح 20.7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی تاہم اپریل میں یہ شرح 3.4 فیصد کمی کے بعد 17.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی)، اسٹیٹ بینک اور شماریات بیورو نے اپنی رپورٹس میں پاکستان کی معاشی کارکردگی کو مثبت سمت کی جانب گامزن قرار دیا ہے۔ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی تقریباً 3 سال بعد سنگل ڈیجٹ پر آگئی اور اگست میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کی گئی، اعداد وشمار کے مطابق افراط زر کی شرح 34 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے جو اگست میں 9.64 فیصد رہی یعنی اکتوبر 2021 کے بعد پہلی بار ملک میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگست 2024 میں سالانہ بنیادوں پر کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد رہی، جو پچھلے مہینے میں 11.1 فیصد تھی، یوں ماہانہ مہنگائی کی شرح 0.39 فیصد رہی جب کہ اگست 2023 میں مہنگائی کی شرح 27.4 فیصد تھی۔کراچی کی بروکریج فرم، ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق، اگست کی ریڈنگ ’34 ماہ کی کم ترین سطح پر ہے‘۔ان حالات میں ملکی معیشت کو استحکام دیکر مہنگائی میں کمی کرنے کیلئے حکومت کی کوششیں کامیاب ہورہی ہیں ،پائیدار معاشی نظام کے تحت عوام کو مستقبل میں مزید فوائد ملیں گے ۔مہنگائی کا جن قابو کرنے کی خاطر وزیراعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم نے جو کام کیا ہے اسکے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں ،مستقبل میں عوام کو معاشی مشکلات سے نجات دلانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات سے ملک میں خوشحالی کی راہیں کھلیں گی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.