سنیل گواسکر نے ٹی 20 ورلڈکپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیشگوئی کردی

32
سنیل گواسکر
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی چار ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کردی۔

ہر کرکٹ ورلڈکپ کے آغاز سے قبل ہی دنیا بھر کے سابق کرکٹرز سیمی فائنل اور فائنلسٹ ٹیموں کی پیشگوئیاں کرتے ہیں اور ٹیم، حقائق اور کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پسندیدہ ٹیموں کا انتخاب کرتے ہیں۔

اب سنیل گواسکر نے بھی چار ٹیمیں منتخب کی ہیں جو کہ ان کے خیال میں سیمی فائنلسٹ ہوں گی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سنیل گواسکر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی چار سیمی فائنلسٹ ٹیموں میں پاکستان کا نام نہیں لیا، سابق کپتان کے مطابق سیمی فائنل میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز 2 جون بروز اتوار سے ہوگا جہاں گروپ اسٹیج میں دو مقابلے ہوں گے، پہلا امریکا اور کینیڈا کے درمیان جب کہ دوسرا میچ ویسٹ انڈیز اور پاپوا نیو گینی کے درمیان ہوگا۔

اس سے قبل خبر سامنے آئی ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیویارک میں ہونے والے پاک بھارت میچ کے لیے سکیورٹی کا مسئلہ سر اٹھانے لگا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 جون کو ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے سے قبل دہشتگردی کے حملے کی خبریں سامنے آنے لگیں جس کے بعد نیو یارک انتظامیہ نے دھمکیوں کے بعد پاک بھارت میچ کے لیے سیکیورٹی بڑھا دی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران نیویارک میں بھارت نے 4 اور جب کہ پاکستان نے 2 میچز کھیلنے ہیں جب کہ نیویارک نے 3 سے 12جون تک 8 میچز کی میزبانی کرنی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا 9 جون کو نیو یارک میں ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.