کھیلوں کے فروغ میں پاک فوج کا کردار

اطلاع عام ۔۔۔۔فہدصفدر خاں

1

قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے بھرپور عزم سے لیس پاک فوج ملک میں پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے کام کررہی ہے ۔ملکی دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ، دہائیوں پر محیط نیشن بلڈنگ میں پاک افواج کا تعمیری کردار یقینا مثالی اور قابل تقلید ہے۔ پاک فوج وطن عزیز میں صحت اور تعلیم سمیت کئی اہم شعبہ جات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی آئی ہے۔پاک فوج اپنی نظم و ضبط والی افرادی قوت، تنظیمی مہارت، تکنیکی ذہانت، جوابدہی، خلوص نیت اور وسیع تجربے کو دور دراز علاقوں میں مثبت اثرات مرتب کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔ بالخصوص نوجوانوں کی فلاح اور ترقی پاک فوج کی قیادت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ اس میں ان کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا فروغ سر فہرست ہے۔ بالخصوص ہمارے قومی کھیل، ہاکی کی بحالی اور فروغ کیلئے سنجیدہ کاوشیں قابل قدر ہیں۔ 2022 میں پہلی چیف آف آرمی سٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کا شاندار انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔پاک فوج کی کاوشوں سےملک بھر میں ہاکی کے فروغ کیلئے ضلع کی سطح پر مقابلوں کا انعقاد کرایا گیا ،پھر ڈویژنل سطح پر اور مقبلہ جات میں بہترین ٹیموں کا انتخاب ہوا اور یوں پھر صوبائی سطح پر انہی میں سے بہترین ٹیموں کے انتخاب سے ہاکی کے بہترین کھلاڑیوں کو آگے لایا جارہا ہے ۔اسی تناظر میں دوسری چیف آف آرمی سٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ 2025 کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ چیمپئن شپ کا انعقاد بڑے پیشہ وارانہ انداز میں کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوان اور باصلاحیت ہاکی کھلاڑیوں کی تلاش ہے، جو آگے چل کر قومی ٹیم کا حصہ بنیں اور ملک کا نام روشن کریں اور سبز ہلالی پرچم کو دنیا بھر کے میدانوں میں لہرائے جانے کی وجہ بنیں۔دوسری چیف آف آرمی سٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ 20 دسمبر 2024 سے شروع ہوئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کے احیا اور فروغ کے لیے دوسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کرانے کے لیے موثر انتظامات کئے۔سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے افتتاحی پریس کانفرنس میں چیف آف ارمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز ملٹری کے قومی کھیل کی سرپرستی کرنے پرخصوصی شکریہ ادا کیا۔دوسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ میں پاکستان بھر سے 800 کلب حصہ لے رہے ہیں۔ کلبز کی رجسٹریشن 11 سے 15 دسمبر تک جاری رہی۔ پہلے مرحلے میں 20 دسمبر 2024 سے 10 جنوری 2025 تک ڈسٹرکٹ سطح پر کلبز کے درمیان مقابلے ہوئے۔ تیسرے مرحلے میں صوبائی سطح کے مقابلے ہوں گے۔ صوبائی سطح کے مقابلوں کے اختتام پر 10 ٹیمیں قومی سطح کے مقابلوں میں کوالیفائی کریں گی ۔ قومی سطح پر آخری مرحلے کا آغاز 3 فروری سے ہوگا۔ فائنل 15 فروری کو کھیلا جائے گا۔ قومی سطح پر پنجاب سے چار، سندھ اورخیبر پختونخوا سے دو دو ٹیمیں کوالیفائی کریں گے. بلوچستان ، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے ایک ایک ٹیم کوالیفائی کرے گی ۔ قومی سطح کے میچ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور اور ڈیفنس ہاکی ارینہ لاہور کینٹ میں کھیلے جائیں گے۔پہلے مرحلے کی طرح دوسرے مرحلے کے مقابلے بھی زبردست طریقے سے جاری ہیں جن میں نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور پاکستان کے قومی کھیل کو دوبارہ عروج دینے کے لیے پر عزم نظر آتے ہیں۔ ان حالات میں کھیلوں کے فروغ میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین رہا ہے ۔قومی کھیل کے احیا کے لئے پاک فوج کی کاوشیں کامیاب ہورہی ہیں اس کا سہرا موجود آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے سر ہے۔اسی طرح ملکی ترقی میں پاکستانی فوج کی شمولیت سے بہتری آئی ہے ،ملکئ معیشت کو استحکام دینے کے حوالے سے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے اہم کردار نبھایا ہے ،اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک فوج کے سربراہ اگر ملکی معیشت کےلئے بروقت اقدامات نہ کرتے تو اب تک دیوالیہ نکل چکا ہوتا ،اسی طرح ملک کی تعمیروترقی اور خوشحالی کے لئے پاک فوج مسلسل کام کررہی ہے ،پاک فوج کی کاوشوں سے ہی ملک میں پائیدار امن کی راہیں استوار ہوئی ہیں ۔قوم کو پاک فوج کے سپہ سالار پر فخر ہے اور پوری قوم انکے بیانیہ کی حمایت کرتی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.