غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کیلئے فری ویزا پالیسی ،منصوبے پر کام شروع

20

پاکستان کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو متوجہ کرنے کی خاطر 126ملکوں کیلئے فری ویزا پالیسی کے اعلان کو عملی شکل دینے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے
۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اس حوالے سے اہم اقدامات کو منظوری کے مراحل سے گزارا جارہا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حالیہ اعلان پر عملدرآمد کرایا جارہا ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے لئے پاکستان میں آکر کام کرنے کے مواقع بہت دلچسپ ہیں۔
پاکستان کی اس پالیسی پر عملدرآمد سے ملکی معیشت کے مستحکم ہونے کے امکانات بھی روشن ہوگئے ہیں ،اس تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت نے بیرونی سرمایہ اور سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں میں آن لائن ویزا جاری کرنے اور انہیں ویزا فیس سے استثنی دے دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے، جس سے خلیجی ممالک سے سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 126 ممالک کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹے کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزا جاری کیے جائیں گے۔ ان ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سے بھی مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
نئی ویزا پالیسی کے تحت پاکستان کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پرکشش مقام بن جائے گا۔
سکھ یاتریوں کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت فراہم کرنے کے لیے الگ سب کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر الیکٹرانک گیٹس کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ویزا پالیسی میں نرمی کے نتیجے میں معیشت مستحکم ہوگی اور زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔پاکستان میں بہت سے مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں، اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شمالی علاقے سیاحوں کے لیے جنت ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نئی ویزا رجیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی کو لائق تحسین قرار دیا ہے۔
ان حالات میں ملکی معیشت کو سہارا دینے کی خاطر بلواسطہ طریقے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا جارہا ہے دوسرا کئی طرح کی صنعتوں کے فروغ کی صورت سامنے آئے گی
بالخصوص ملک سیاحت کے شعبے میں ترقی کرے گا۔126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو بغیر فیس کے 24 گھنٹے کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزے جاری کرنے سے جہاں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر ہوگی
وہاں معاشی طور پر ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے گا ،غیر ملکی سیاحوں کے لئے پاکستان کے قدرتی حسن سے مالا مال مقامات بڑی کشش رکھتے ہیں ۔
ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کے اس اقدام کو عوامی حلقوں کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے ۔بلا شبہ ملکی معیشت کے مستحکم ہونے سے عوام کی خوشحالی کے دور کا بھی آغاز ہوسکے گا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.