اداریہ

46

پوری قوم نے یوم تکبیر یوم فخر کے طور پر منایا

پاکستان کی سلامتی کو مقدم رکھنے کے لئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے جس ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی ،اسے قوم کے ہیرو نواز شریف نے 28مئی کو پائہ تکمیل تک پہنچا کر قوم کے دل جیت لئے ۔ایٹمی طاقت بننے سے خطے میں بھارت کی جانب سے طاقت کے توازن کو بگاڑنے والا مسئلہ بھی حل ہوگیا ۔پاک بھارت جنگوں کا راستہ بھی روک دیا گیا ۔28مئی کو پوری قوم نے پرجوش ہوکر یوم مئی کو یوم فخر کے طور پر منایا ۔پاک فوج نے قومی سلامتی کے مشن کو آگے بڑھایا اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافے کا سامان پیدا کیا ۔ملک کو دہشتگردی کے عفریت سے نجات دلانے کی خاطر لازوال قربانیاں دیں آج بھی دہشتگردی کے خلاف ہمارے جوان برسر پیکار ہیں ۔گزشتہ دنوں سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پشاور میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ ضلع ٹانک میں کیے گئے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا جس میں فورسز نے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جب کہ دو دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق تیسرے آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔شہید ہونے والے جوانوں میں کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ نائیک محمد اشفاق بٹ، ضلع پونچھ کے رہائشی 30 سالہ لانس نائیک سید دانش افکار ، ضلع لیہ کے 32 سالہ سپاہی تیمور ملک، پونچھ کے 22 سالہ سپاہی نادر صغیر ، ضلع خوشاب کے 23 سالہ محمد یاسین شامل ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے پشاور ضلع کے علاقہ حسن خیل میں انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوگئے تھے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشتگردوں کی مبینہ موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا،سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے تھے جب کہ 3 زخمی بھی ہوئےتھے۔آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حولدار شفیق اللہ شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز وطن سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ان حالات میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔قوم نے پاک فوج کے عزم اور حوصلے کو ہمیشہ عزت دی ہے ۔پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.