تین رکنی کمیٹی ڈیل کے لیے نہیں بات چیت کے لیے بنائی ہے:عمران خان

48
عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تین جماعتوں کے سوا سب سے بات کریں گے، تین رکنی کمیٹی ڈیل کے لیے نہیں بات چیت کے لیے بنائی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مقدمات بنانے ہیں وہ ایک ہی بار بنا لیں مگر میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ بات چیت مخالفین سے ہوتی ہے، دوستوں سے نہیں اور ڈیل وہ کرتا ہے جسے ملک سے باہر جانا ہو یا پھر جیل و سزا سے بچنا ہو۔

عمران خان نے کہا کہ ہم اٹھارہ ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ بات چیت کے لیے تیار ہیں کیونکہ سیاست میں بات چیت ہوتی ہے اور ہم تین جماعتوں کے علاوہ سب سے بات کریں گے جس کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

بانی چیئرمین نے ایک بار پھر واضح کیا کہ انہوں نے کمیٹی کو صرف بات چیت کا اختیار دیا ہے اور اس میں کسی قسم کی ڈیل کا کوئی تعلق نہیں ہوگا اور نہ ہی اُن کی جیل سے باہر آنے کی کوئی خواہش ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اب یہ مجھ پر توشہ خانہ کا چوتھا کیس بنانے جارہے ہیں، انہیں جو بھی مقدمات بنانے ہیں وہ ایک ہی بار بنا لیں مگر میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

تبصرے بند ہیں.