عمران خان کی حاضری کے بغیر عدالتی کارروائی جاری رکھنے کا حکم

74

لاہور(کورٹ رپورٹر، ڈیلی سرزمین) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کیسز میں عمران خان کی حاضری کے بغیر عدالتی کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، مسلم لیگ ن ہاؤس جلانے سمیت 7 دیگر مقدمات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے عمران خان 7 مقدمات میں عبوری ضمانت میں یکم مارچ تک توسیع کردی۔

جج ارشد جاوید کے روبرو ہونے والی سماعت میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی آج بھی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری مکمل نہیں ہو سکی۔ عدالتی حکم کے مطابق واٹس ایپ پر عمران خان کی حاضری نہیں لگی۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔ اگر سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی تو ملزم کی عبوری ضمانت پر فیصلہ تاخیر کا شکار ہو جائے گا۔ ملزم کی جیل سے حاضری کے معاملے کو چھوڑ دیتے ہیں ۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی حاضری کے بغیر عدالتی کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے فریقین سے استفسار کیا کہ ملزم کی عبوری ضمانتوں پر دلائل کے بعد میرٹ پر فیصلہ کر دیتے ہیں۔ اگر حاضری اور ملزم کی پیشی کا انتظار کیا تو فیصلے میں تاخیر ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.