عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ تعمیر وترقی کی راہیں کھولنے کی کاوش

22

اداریہ

پاکستان میں توانائی کے بحران سے نمٹنا بہت مشکل چیلنچ رہا ہے اس پر توانائی کے شعبے میں عوام کو ریلیف دینے کا معاملہ بھی انتہائی کٹھن ہوگیا جس پر بجلی اور گیس کے نرخوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی کمر ٹوڑ کر رکھ دی ۔پوری قوم بجلی اور گیس کے بڑھتے بلوں کی وجہ سے پریشان ہوئے ،بجلی کے ہوشربا نرخوں پر لوگوں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا پھر اس مشکل صورتحال میں شعبدہ بازوں نے عوام کو آسانی سے بے وقوف بناکر 2018ء کے الیکشن میں دھوکہ دیا ،بجلی کے ہوشربا بلوں کو جلانے کی بات کرنے والوں نے اس میں کئی گنا زیادہ اصافہ کردیا ،ایک کروڑ نوکریاں دینے کا جھانسہ دیکر 50لاکھ گھر دینے کا بھی ڈراما کیا گیا لیکن دنیا نے عوام کے ساتھ اس سے سنگین مذاق نہیں دیکھا کہ الٹا ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے عوام کو کسی صورت کوئی ریلیف دینے کی گنجائش ہی نہ چھوڑی اور پھر پونے چار سال حکومت کے مزے لوٹ کر بڑی ڈھٹائی سے اپنی ناتجربہ کاری کا اعتراف کرڈالا۔ان حالات میں ن لیگ کی قیادت کو حکومت قبول ہی نہیں کرنی چاہئے تھی تاکہ ایسے لیڈروں کا رہا سہا بھرم بھی کھل جاتا اور یہ سب عوام کے سامنے اپنی اصل حالت میں بے نقاب ہو جاتے مگر ان کی تمام چالاکیوں اور عوام دشمنی پر پردہ ڈال دیا گیا اور اب تک سادہ لوح ان پڑھ لوگوں کی کثیر تعداد آج بھی ان کے جھانسے میں آنے کو تیار ہے اس وقت حالات بہت نازک موڑ پر آگئے ہیں اور موجودہ حکومت کسی نہ کسی طرح عوام کو ریلیف دینے کیلئے کاوشیں کررہی ہے ۔پاکستان میں بجلی اور گیس کے بلوں میں کسی طرح کمی کرکے کچھ نہ کچھ ریلیف دینے کی صورت نکالی جارہی ہے ۔اس تناظر میں بجلی کی سردیوں میں کھپت بڑھانے اور گیس کی کمی کو پورا کرنے کا ایک پیکج تیار کیا گیا ہے جس سے لوگوں کو سستی بجلی فراہم کرکے گیس کے متبادل کے طور پر سہولت دی جارہی ہے اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے ’بجلی سہولت پیکج ’دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جارہی ہے، اس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی، پاکستان کی معیشت آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سردیوں کے تین ماہ دسمبر تا فروری بجلی کے اضافی استعمال پر پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جارہی ہے، بجلی سہولت پیکج کا اطلاق اس سال دسمبر 24 سے اگلے سال فروری 25 تک کے بلوں پر ہوگا۔ اس پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ ریٹ 26 روپے 7 پیسے ہوگا اور اس سے گھریلو صارفین کو 11 روپے 42 پیسے سے لے کر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ تک کی بچت ہوگی۔یہ پیکج پورے پاکستان کیلیے ہے جس میں صنعتوں کیلیے 5.72 روپے سے لے کر 15 روپے تک کی بچت ہوگی، صنعتوں کو 18 سے 37 فیصد تک بچت ہوگی، اسی طرح کمرشل صارفین کے لیے یہ پیکج 13.46 روپے سے 22 روپے بچت ہوگی، ایسے صارفین کو 34 فیصد تک بل میں بچت ہوگی۔بجلی کی کمی میں لاگت سے زراعت، صنعت اور کاروبار و برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی، اس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پاکستانی معیشت مضبوط اور درجہ بندی تیزی سے بہتر ہوگی۔دریں اثناء وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز بجلی سہولت پیکیج کا اعلان کیا ہے، ہم چاہتے ہیں ایسا پیکیج ہرسال چھ ماہ کے لیے لائیں تاکہ عوام سردیوں میں گیس کی جگہ بجلی استعمال کریں۔ انہوں ںے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دے رہے ہیں، وزیراعظم نے گزشتہ روز بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، عوام سے کیے گئے وعدے پورے کررہے ہیں، بجلی کی سہولت کا پیکیج گھریلو، صںعتی، کمرشل سب صارفین کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، بجلی سستی ہونے سے صنعتوں کی پیداوار بڑھے گی، حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے، بجلی سستی ہونے سے صنعتوں کی پیداوار بڑھے گی۔اویس لغاری نے کہا کہ این ٹی ڈی سی ماضی میں بدانتظامی کا شکار رہا، بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں جن منصوبوں کو 2016ء میں مکمل ہونا تھا وہ 2026ء میں مکمل ہوں گے، منصوبوں میں تاخیر ہمارا نظام برداشت نہیں کرسکتا، ہم چاہتے ہیں ایسا پیکیج ہرسال چھ ماہ کے لیے لائیں ہم چاہتے ہیں کہ عوام سردیوں میں گیس کی جگہ بجلی استعمال کریں۔ان حالات میں حکومت کی عوام کو ریلیف دینے کی مخلصانہ کاوش سے حالات بہتر ہورہے ہیں۔توانائی کے بحران پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ عوام کو ریلیف دینے کی نئی راہ نکالی گئی ہے اس سے نہ صرف گھریلو صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ صنعتکاروں اور تاجروں کو بھی سستی بجلی کی فراہمی سے تعمیر وترقی کے راستے کھلتے چلے جائیں گے ،جس سے عوام کی خوشحالی کی منزل قریب تر ہو جائے گی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.