پاک فوج کا ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم

20

اداریہ

پاک فوج نے دنیا میں پائیدار امن کے لئے لازوال کردار اداکیا ہے ،عالمی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں بے مثال ہیں ۔دنیا کو دہشتگردی کے عذاب سے نجات دلانے کے لئے پاک فوج نے جانیں نچھاور کی ہیں ،اسی طرح وطن کی حفاظت پر تعینات پاک فوج نے عوام کی سلامتی کو ہر حال میں مقدم رکھا ،قومی یکجہتی کے فروغ کی خاطر کردار نبھایا ،پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر بھرنے والوں کے چہرے بے نقاب کرکے حقائق طشت ازبام کئے ۔قوم کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے عوام میں شعور بھی اجاگر کیا گیا ان قدامات سے بوکھلا کر دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں ہورہی ہیں ،دہشتگردی کی حالیہ لہر کچلنے کیلئے پاک فوج کی تیاریاں۔ مکمل ہیں اس تناظر میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن خودکش دھماکے کے شہدا کی نمازجنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کی گئی، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔اس کے علاوہ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ، گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے علاوہ صوبائی وزرا بھی شریک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ کے دورے میں کمبائن ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مشن کو قومی عزم کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے پوری قوم ثابت قدم ہے۔جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ عوام کی حمایت، فوج اور سول اداروں کی کوششوں سے جنگ جیتیں گے۔واضح رہے کہ 9نومبر کی صبح بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔پولیس نے بتایا تھا کہ دھماکا جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا۔دھماکے کے وقت مسافر ریلوے اسٹیشن میں جعفر ایکسپریس سے پشاور جانے کی تیاری میں مصروف تھے، ریلوے حکام نے کہا تھا کہ ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ ٹرین اب تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی۔کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔حمزہ شفقات نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 24 افراد جاں بحق ہوئے، دھماکے کے 17 زخمی سول ہسپتال کوئٹہ جبکہ 19 سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں۔بعدازاں ترجمان صوبائی محکمہ صحت نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد سول ہسپتال میں زیر علاج مزید دو زخمی دم تو ڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے پر شدید الفاظ میں اظہار مذمت کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور بلوچستان حکومت سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلیا۔ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کوئٹہ دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دہشت گردی میں دفاعی فورسز کو نشانہ بنانا پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ادھر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے صحافیوں کو ای میل کیے گئے ایک بیان میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ان حالات میں سیاسی وعسکری قیادت ایک صفحے پر ہوکر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا مصصم عزم رکھتی ہے ،ہر طرح کی دہشتگردی کچلنے کیلئے تیار ہے ۔قوم بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.