دنیا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی معترف

2

اداریہ

عالمی دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی جنگ نے دنیا کو محفوظ بنانے میں اہم کردار نبھایا ہے ۔دنیا پاک فوج کے عالمی امن میں بھرپور کردار کی معترف ہے ۔پاک فوج کے حالیہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی خدمات کو عالمی سطح پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اس حوالے سے اب امریکی سینٹرل کمانڈ کے جریدے نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی پیشہ وارانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں انتہا پسندی کے خلاف توانا آواز اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پر عزم قرار دیا اور دہشت گردی کے خاتمے کی کاوشوں، علاقائی و ملکی استحکام کے لیے کردار اور سماجی و اقتصادی اقدامات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ یو ایس سینٹرل کمانڈ کے جریدے ’یونی پاتھ‘ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو ان کی پیشہ وارانہ اور قائدانہ صلاحیتوں پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار کو ایسے لیڈر کے طور پر یاد کیا جائے گا جن کا اولین عزم پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی ہے۔سینیٹ کام جریدے میں شائع مضمون میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نومبر 2022 میں کمان سنبھالنے کے بعد سے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں۔جریدے کے مطابق جنرل عاصم منیر کی قیادت میں شدت پسند گروپوں کے خلاف وسیع فوجی آپریشن ہوئے جن میں 22 ہزار 409 انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز بھی شامل ہیں، ان آپریشنز کے نتیجے میں 398 دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا، پاکستانی فوج کے سربراہ نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کو ریاست کی رٹ کے سامنے سرتسلیم خم کرنا ہوگا، پاکستان دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرے گا۔جریدے کے مطابق جنرل عاصم منیر ففتھ جنریشن وارفیئر سے درپیش چیلنجز کو تسلیم کرتے ہیں اور پاکستان کی خودمختاری کیلئے فوج کی تیاری پرزور دیتے ہیں۔غیر ملکی جارحیت کا جواب دینے کی جنرل عاصم منیر کی صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے جریدے نے لکھا کہ ایرانی میزائل حملوں کے بعد پاکستان نے ایران میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔جریدے نے جنرل عاصم منیر کے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور گرین پاکستان انیشیٹو جیسے اقدامات کے ساتھ تعاون کی تعریف کی۔جریدے نے آرمی چیف کے اقلیتوں کے تحفظ کے اقدامات سراہا اور کہا کہ جنرل عاصم منیر مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے عدم برداشت کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں۔امریکی جریدے نے لکھا کہ جنرل عاصم منیر کے دور میں امریکا جیسے ممالک سے فوجی اور سفارتی تعلقات کی مضبوطی اور مختلف ممالک کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں انکی قابل تعریف ملٹری ڈپلومیسی ہے جبکہ اندرونی چیلنجز سے نمٹنا، افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور قوم کے ساتھ باہمی ربط ان کے مستقبل کے ویژن کا عکاس ہے۔ دفاعی ماہرین نے سینٹ کام جریدے کے جنرل عاصم منیر پر مضمون کو غیر معمولی قرار دیا اور کہا کہ سینٹ کام جریدے کی جانب سے ان کی تعریف بہت معنی رکھتی ہے۔بلاشبہ پاک فوج کے سپہ سالار کی کاوشوں سے پاکستان میں سیاسی معاشی استحکام آیا ہے جس سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے راستے ہموار ہوئے ہیں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.