ملکی معیشت بہتر بنانے کیلئے حکومتی کاوشیں کامیاب ہونے لگیں

15

اداریہ

پاکستان کومالیاتی بحرانوں سے نکالنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف مسلسل سرگرم عمل ہیں ،ان کی راہ میں دہشتگردی اور سیاسی عدم استحکام سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں ،ان حالات میں جب پاکستان کو اندرونی خلفشار کا سامنا ہے تو بیرون دبائو بھی بڑھ رہا ہے۔ تیزی سے بدلتی علاقائی جیو پولیٹکس اور بڑھتی دہشتگردی پاکستان کی معیشت، سلامتی پر براہ راست اثر انداز ہورہی ہے۔دہشتگردی کی نئی لہر نے پھر سے ملک کو سوگوار کیا ہے ،بلوچستان میں پیش آنے والے واقعات سے پوری قوم کو دھچکا لگا ہے ،پاکستان میں اس وقت قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ۔قوم کو ایک لڑی میں پروکر اتحادو یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حالات کا سامنا کرنا وقت کا تقاضا ہے ۔بلاشبہ پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردی کو اکھاڑ پھینکنےکی طاقت رکھتی ہیں اور اس کے لیے پُرعزم ہیں۔دوسری طرف
جیواسٹریٹیجک اہمیت کے باعث بحرہند مستقبل کے تنازعات کے ممکنہ میدان کے طورپر ابھر رہا ہے، اس صورتحال کے اثرات خطے اور اس سے آگے تک ہوسکتے ہیں۔آرٹیفیشل انٹیلی جنس والے پلیٹ فارمز اور دیگر ٹیکنالوجیز سکستھ جنریشن وارفیئرکا اشارہ دے رہے ہیں، پاکستان کو اندرونی، بیرونی محاذ پرکثیرالجہتی سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، تیزی سے بدلتی علاقائی جیو پولیٹکس اور بڑھتی دہشتگردی پاکستان کی معیشت، سلامتی پر براہ راست اثر انداز ہورہی ہے۔ پاکستان کی موجودہ حکومت تمام چیلنجز کے لئے تیار ہے اور معاشی نظام کو بہتر بناکر عوام کو ریلیف دینے کی غرض سے مربوط اور موثر حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے ۔قوم کو ہر طرح کی مشکلات اور مسائل سے چھٹکارہ دلانے کی خاطر ملکر کام کرنے کی روایت بھی ڈالی جارہی ہے دیگر جماعتوں کو قبول کرکے ایک مثبت اقدام سے بہتری کے آثار نمایاں ہوئے ہیں ،یہی سبب ہے کہ ملک میں معیشت بہتر ہورہی ہے۔اس کے لئے سیاست میں بڑی قربانیاں بھی دی گئی ہیں ،جس پر وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور اب معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لارہی ہیں، سی اے اے ٹورٹینگ ملنا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا عالمی اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور اب معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کو ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات معیشت پر نظر آرہے ہیں، امید ہے کہ معیشت اسی رفتار سے آگے بڑھتی رہے گی، معیشت کی بہتری کے لیے وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ دوست ممالک کا سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کاروبار دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے جب کہ سرمایہ کاری منصوبوں پر عملدرآمد میں سست روی قبول نہیں۔واضح رہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کرتے ہوئے آؤٹ لک مستحکم سے مثبت کردیا، موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ سی اے اے 3 سے سی اے اے 2 کر دی۔حکومت اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے ،یہی سبب ہے کہ اس وقت دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستانی قوم اور فورسز متحد ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.