آئی ٹی کے شعبے کی ترقی سے عوامی خدمت کے جدید طریقے

13

اداریہ

پاکستان میں شہریوں کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنے کے حوالے سے موجودہ حکومت کے اقدامات مثالی ہیں ،معاشی بحرانوں کو ٹالنے کے لئے جاری کاوشیں اپنی جگہ تاہم سیاسی عدم استحکام ختم کرنے کیلئے بھی سرتوڑ کوششیں کی گئی ہیں ،ان سب کے باوجود موجودہ حکومت کی توجہ عوامی مسائل ومشکلات کو حل کرنے پر مرکوز رہی ہے ،ن لیگ کی قیادت میں مخلوط حکومت کی جانب سے شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے مسلسل کام ہو رہا ہے اور دنیا ان کے اس حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کی معترف
بھی ہے تاہم ملک کے اندر سے پی ان عوامی فلاحی کاموں کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے ،عوام کے سامنے یہ سب کچھ ہے پھر بھی گمراہ کن پروپگنڈے کا اثر ہوتا ہے ،پاکستان کومسائل سے چھٹکارہ دلانے کی خاطر طویل المدتی اقدامات کی اشد ضرورت ہے ۔عوام کے تعاون سے تمام خرابیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے ،حکومت کے اچھے کاموں پر اسکی حوصلہ افزائی نہ کی گئی تو پھر ملک دشمنوں کو حالات بگاڑنے کا موقع مل جائے گا اس لئے پاکستان کے موجودہ حالات تقاضا کرتے ہیں کہ تمام اختلافات بھلا کر قومی مفاد کو ہی مقدم رکھا جائے پھر ہی ترقی کا یہ سفر پائیدار ثابت ہوگا ،جس کے لئے وزیراعظم شہباز شریف دن رات کوشاں نظر آتے ہیں ۔اس تناظر میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت شعبہ آئی ٹی کے حوالے سے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آئی ٹی پارک کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، کورین کمپنی نے آئی ٹی پارک کی تکمیل کی مدت کو جون 2025 سے کم کرکے فروری 2025 کر دیا ہے، اسلام آباد آئی ٹی پارک پر 24 گھنٹے کام جاری ہے، سی ڈی اے کی ٹیمیں کام کی نگرانی کے لیے باقاعدگی سے سائٹ کا دورہ کر رہی ہیں۔اجلاس کو ڈیجیٹل اسمارٹ سٹیز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد سے ڈیجیٹل اسمارٹ سٹیز کے پائلٹ پروجیکٹ کا اجرا کیا جا رہا ہے، شہریوں کو اسلام آباد سٹی سپر ایپلیکیشن کے ذریعے 150 سروسز تک آسان رسائی ہوگی۔بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے حکومتی و انتظامی خدمات بشمول، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، اسلام آباد پولیس، صحت اور تعلیم کی سروسز میسر ہوں گی۔اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی گزشتہ پانچ ماہ کی کارگردگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔حکومتی اقدامات کی بدولت گزشتہ برس کی نسبت آئی ٹی برآمدات میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ پانچ ماہ میں 3 لاکھ طلب آئی ٹی اسکلز کے پروگرامز میں تربیت کے لیے رجسٹرڈ ہوئے، 4 نئے انکیوبیشن سینٹرز کا اجراء کیا گیا۔بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں حکومت کے اقدامات کی بدولت موبائل فونز کی تیاری میں 30 فیصد اضافہ ہوا اور موبائل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 8 لاکھ کا اضافہ ہوا، وزیرِ اعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالر پر پہنچانے کے لیے آئی ٹی شعبے سے متعلقہ تمام ادارے مل کر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔اجلاس کو آئی ٹی شعبے کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری اور ان سے آئی ٹی برآمدات میں مرحلہ وار اضافے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔یہ بھی بتایا گیا کہ آئی ٹی شعبے میں 7 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی حکومتی سرمایہ کاری سے آئی ٹی برآمدات میں 2.5 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے، ملکی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے 10 ارب ڈالر، ٹیلی کام شعبے سے 2 ارب جبکہ حکومتی اقدامات سے آئی ٹی برآمدات میں 13 ارب ڈالر کا زر مبادلہ متوقع ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں وفاقی حکومت کی تمام خدمات بشمول مالیاتی، صحت، زراعت، تعلیم، انتظامی اور سیکیورٹی کی خدمات موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں تک رسائی کے لیے منصوبہ حتمی مراحل میں ہے۔ان حالات میں بلاشبہ آئی ٹی شعبے کی سہولیات سے عوام کی خدمت کا جو سلسلہ شروع کیا جارہا ہے اسکے مستقبل میں موثر مفید نتائج برآمد ہونگے ،عوام کی خدمت کا سلسلہ اسی صورت جاری رہے گا جب عوام بھی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے اور تعمیری کاموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مخالفین کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے ،حکومت نے جدید خطوط پر عوامی خدمت کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اسے جاری رہنا چاہئے یہی اس وقت سب سے بڑا قومی مفاد پر مبنی کام ہے۔

قطعہ ۔۔۔۔۔

قوم کا فخر ہیں شہید مرے
جن کا سب احترام کرتے ہیں

جان دیکر بچائیں ملک اور قوم
ان کو انساں سلام کرتے ہیں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.