کوئلے کی کان میں دھماکے اور دم گھٹنے سے 11 مزدور جاں بحق

11
 سنجدی میں کوئلے کی کان میں دھماکے اور دم گھٹنے سے گیارہ مزدور جاں بحق ہوگئے
بلوچستان کے دارالحکومت سے چالیس کلومیٹر دور واقع یونین کونسل سنجدی میں کوئلے کی کان میں دھماکے اور دم گھٹنے سے گیارہ مزدور جاں بحق ہوگئے۔

چیف مائنز انسپیکٹر کوئٹہ عبد الغنی نے بتایا کہ یوسی سنجدی کی کوئلہ کان میں گیس لیکج کے باعث حادثہ پیش آیا جس میں دم گھٹنے سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 9 کان کن، ایک ٹھیکیدار اور ایک مائن مینیجر بھی شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کا تعلق سوات سے ہے اور مرنے والوں کی لاشوں کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جس کے بعد ضابطے کی کارروائی اور نماز جنازہ ادا کر کے میتوں کو آبائی علاقے روانہ کیا جائے گا۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے کی وجہ سے دھماکا ہوا جس کے بعد کان بیٹھ گئی اور اُس کے ملبے تلے دبنے والے گیارہ مزدور جاں بحق ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ مائنز نے ریسکیو کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے جبکہ صوبائی حکومت نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

تبصرے بند ہیں.