وزیر اعظم کی وفاقی وزیر امیر مقام کو فوری کرغزستان جانے کی ہدایت
وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے بشکیک میں پاکستانی سفیر سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کی اور انہیں ہاسٹلز کا دورہ کرکے پاکستانی طلباء سے ملاقات کی ہدایت کی۔
پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو مطلع کیا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا۔ پاکستانی سفارت خانہ زخمی طلباء کی معاونت کررہا ہے۔
وزیراعظم نے سفیر کو طلباء کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے، بروقت معلومات فراہم کرنے، زخمی طلباء کو ہرقسم کی طبی سہولیات فراہم کرنے اوروطن واپس آنے کے خواش مند زخمی طلباء کی فوری واپسی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرغیزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ اس صورتحال میں اپنے طلباء کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے. ہماری حکومت، کرغیزستان کی حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کاکہناہے پاکستان کے سفیر حسن ضیغم اور انکی ٹیم ایمرجنسی نمبروں پر موجود ہے۔ دونوں نمبرز واٹس ایپ پر بھی موجود ہیں۔
+996555554476
+996507567667
پاکستانی سفارت خانے نے ہنگامی ہیلپ لائنز کھول دی ہیں جس پر طلباء اور ان کے اہل خانہ کے سوالات کے جوابات بھی دیے جارہے ہیں۔ حسن ضیغم کرغز حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔
دریں اثنا وزیرِاعظم نے کرغیزستان میں پاکستانی طلبہ کی مدد کے لیے وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سرحدی علاقہ انجنئیر امیر مقام کو فوری طور پر بشکیک جانے کی ہدایت کردی۔ انجنئیر امیر مقام حالیہ فسادات کے تناظر میں اعلی سرکاری حکام سے ملاقات کریں گے۔
انجنیئر امیر مقام پاکستانی طلبہ سے ملاقات کریں گے ان کے مسائل سنیں گے اور یقینی بنائیں گے کہ حالیہ صورتحال میں پاکستانی طلبہ کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
تبصرے بند ہیں.