ژوب میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز میں فائرنگ، تین دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے میجر شہید

38
بلوچستان کے علاقے ژوب سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
بلوچستان کے علاقے ژوب میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز میں فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر نے جام شہادت نوش کرلیا جبکہ تین دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر بابر خان نے جام شہادت نوش کیا جن کی عمر 33 سال اور تعلق میانوالی سے تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے ژوب سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر بابر خان نے جام شہادت نوش کیا جن کی عمر 33 سال اور تعلق میانوالی سے تھا۔

فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دوسرے دہشت گردوں کے خاتمے کیلیے آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسزبلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر افواج پاکستان کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے مثالی جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو انکے ٹھکانے میں جہنم واصل کیا۔ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔

شہباز شریف نے آپریشن کے دوران جرآت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر بابر خان کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا جبکہ اُن کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے افسران و جوانوں کی ملکی سلامتی اور دہشت گری کی عفریت کے ملک سے خاتمے کیلئے لازوال قربانیاں ہیں، ملک سے اس کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

تبصرے بند ہیں.