ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

43
ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہباز شریف نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا جب کہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی جو آج تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں ان کی پی ایم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب میں ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

سید ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ معزز مہمان کی آمد پر ایوان میں ایران اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد وزیراعظم نے ایرانی صدر کا وفاقی کابینہ کے ارکان سے تعارف کرایا۔

بعد ازاں ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے یوم ارض کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔

وزیراعظم ہاؤس میں اسلام آباد کی ایک شاہراہ کو ایران ایونیو کا نام دینے کی تقریب بھی ہوگی جس میں وزیراعظم اور ایرانی صدر شرکت کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے جب کہ دونوں رہنما مشترکہ نیوز کانفرنس کریں گے۔

واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچے ہیں۔ ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور اعلیٰ سطح وفد بھی شامل ہے۔ عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

ایرانی صدر اپنے دورہ پاکستان میں صدر مملکت آصف علی زرداری، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملیں گے۔

تبصرے بند ہیں.