ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرینگے: وزیر اعظم

65
شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کریں گے، پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

اسلام آباد میں دانش اسکول سائٹ کے معائنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں دانش اسکول کا پنجاب میں جال پھیلایا، دانش اسکول یتیم بچوں کا سہارا بنا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکول سے فارغ التحصیل بچے پوری دنیا میں اثر قائم کر رہے ہیں، دانش اسکول شروع کرنے پر ہم پر تنقید ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں امرا کیلئے ہیڈ اسٹارٹ اسکول بن چکے ہیں، تعلیم کیا صرف امرا کے بچوں کا حق ہے؟ کیا غریب کا حق نہیں کہ انہیں بھی دیگر اچھے اسکول کی سہولتیں مل سکیں، اسلام آباد کی غریب بستیوں اور دور دراز علاقوں میں دانش اسکول بنارہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کمشنر کا شکرگزار ہوں دانش اسکول کی سہولتوں کیلئے زمین پر حامی بھری، آزاد کشمیر کے تمام ڈویژنز اور گلگت بلتستان میں دانش اسکول کا جال بچھائیں گے، وفاق اپنے وسائل سے آزاد کشمیر، جی بی، بلوچستان، سندھ کے دور دراز علاقوں میں دانش اسکول قائم کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا روزگار کما رہے ہیں، ہم نے طلبا کے ہاتھ میں کلاشنکوف نہیں لیپ ٹاپ دیے، دانش اسکولوں کے ہزاروں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ سرخ فیتے کو کاٹ کر آگے بڑھیں میری مکمل سپورٹ ہوگی، رمضان کے بعد دانش اسکولوں کا پی سی ون منظور کرائیں۔

تبصرے بند ہیں.